کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی پولیس حراست میں ایک بار پھر نعرے بازی

سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد کی طرف سے مسلم لیگ ن کے بنیادی نعرے ’ووٹ کو عزت دو‘ کے ساتھ ساتھ ’مادرِ ملت زندہ باد‘ ، اور ’ایوبی مارشل لاء مردہ باد‘ کے بعرے بھی بلند کیے گئے

Sajid Ali ساجد علی پیر 19 اکتوبر 2020 11:02

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی پولیس حراست میں ایک بار پھر نعرے بازی
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 اکتوبر2020ء) سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے پولیس کی حراست میں گاڑی میں بیٹھنے سے پہلے پھر نعرے لگا دیے۔ اس حوالے سے تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر زیر گردش ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گرفتاری کے بعد جب کیپٹن ر صفدر پولیس کی گاڑی میں بیٹھنے کے لیے آگے بڑھے تو انہوں نے اس موقع پر ایک بار پھر نعرے بازی کی ، جس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد کی طرف سے مسلم لیگ ن کے بنیادی نعرے ’ووٹ کو عزت دو‘ کے ساتھ ساتھ ’مادرِ ملت زندہ باد‘ ، اور ’ایوبی مارشل لاء مردہ باد‘ کے بعرے بھی بلند کیے گئے۔

 
واضح رہے کہ کراچی میں قائد اعظم کے مزار کے تقدس کو پامال کرنے کے کیس میں کراچی پولیس نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا ، پولیس حکام کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ کیپٹن صفدر کے خلاف مقدمہ بریگیڈ تھانے میں درج ہے اور انہیں گرفتار کرکے تھانہ عزیز بھٹی میں رکھا گیا ہے ، جب کہ نوازشریف کے داماد محمد صفدر اعوان کو مزار قائد پر نعرے لگانے پر مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا اور مقدمے میں کیپٹن (ر) صفدر، مریم صفدر سمیت 200 لیگی کارکنان نامزد ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پیپلزپارٹی کے رہنما صوبہ سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کو پی ڈی ایم میں خلیج ڈالنے کی سازش کا حصہ قرار دے دیا، تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ مزار قائد پر کیپٹن صفدر نے جو کیا وہ نامناسب تھا لیکن جس انداز میں کراچی پولیس نے گرفتاری کی وہ قابل مذمت ہے ، کیوں کہ کیپٹن ر صفدر کی گرفتاری سندھ حکومت کی ہدایات پر نہیں ہوئی ، پولیس کا یہ اقدام پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جماعتوں میں خلیج پیدا کرنے کی سازش کا حصہ ہے جسے ہم ناکام بنائیں گے۔