Live Updates

سندھ حکومت کیپٹن ر صفدر کی ضمانت کے لئے متحرک ہوگئی

پیپلزپارٹی کی پوری کوشش ہے کہ کیپٹن ر صفدر کی ضمانت ہو جائے ، سندھ حکومت ان کے وکلا کی معانت کر رہی ہے ، اینکر پرسن ثمرعباس کا دعویٰ

Sajid Ali ساجد علی پیر 19 اکتوبر 2020 11:12

سندھ حکومت کیپٹن ر صفدر کی ضمانت کے لئے متحرک ہوگئی
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 اکتوبر2020ء) پاکستان پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت کے لئے متحرک ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں اینکر پرسن ثمر عباس کی طرف سے انکشاف کیا گیا کہ سندھ حکومت کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت کے لئے متحرک ہو گئی ہے ، پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کی پوری کوشش ہے کہ کیپٹن ر صفدر کی ضمانت ہو جائے ، کیوں کہ کیپٹن صفدر کا جرم بھی قابل ضمانت ہے ، اس سلسلے میں سندھ حکومت ان کے وکلا کی معانت کر رہی ہے۔

 
واضح رہے کہ کراچی میں قائد اعظم کے مزار کے تقدس کو پامال کرنے کے کیس میں کراچی پولیس نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا ، پولیس حکام کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ کیپٹن صفدر کے خلاف مقدمہ بریگیڈ تھانے میں درج ہے اور انہیں گرفتار کرکے تھانہ عزیز بھٹی میں رکھا گیا ہے ، جب کہ نوازشریف کے داماد محمد صفدر اعوان کو مزار قائد پر نعرے لگانے پر مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا اور مقدمے میں کیپٹن (ر) صفدر، مریم صفدر سمیت 200 لیگی کارکنان نامزد ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پیپلزپارٹی کے رہنما صوبہ سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کو پی ڈی ایم میں خلیج ڈالنے کی سازش کا حصہ قرار دے دیا، تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ مزار قائد پر کیپٹن صفدر نے جو کیا وہ نامناسب تھا لیکن جس انداز میں کراچی پولیس نے گرفتاری کی وہ قابل مذمت ہے ، کیوں کہ کیپٹن ر صفدر کی گرفتاری سندھ حکومت کی ہدایات پر نہیں ہوئی ، پولیس کا یہ اقدام پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جماعتوں میں خلیج پیدا کرنے کی سازش کا حصہ ہے جسے ہم ناکام بنائیں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات