اپوزیشن کو کھلا نہیںچھوڑا جاسکتا ، کوئٹہ کے جلسے کے بعد ہم بھی کچھ کریں گے،شیخ رشید

مولانا صاحب کہتے ہیں نئے الیکشن کرائے جائیں، بلاول بھٹو کہتے ہیں قومی حکومت بنائی جائے

پیر 19 اکتوبر 2020 17:40

اپوزیشن کو کھلا نہیںچھوڑا جاسکتا ، کوئٹہ کے جلسے کے بعد ہم بھی کچھ کریں ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2020ء) وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے کوئٹہ کے جلسے کے بعد ہم بھی کچھ کریں گے، اپوزیشن کو یوں کھلا نہیں چھوڑا جا سکتا،مولانا صاحب کہتے ہیں نئے الیکشن کرائے جائیں، بلاول بھٹو کہتے ہیں قومی حکومت بنائی جائے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ بیرونی دباؤ کے ساتھ پاکستان کے اندر بھی خلفشار پیدا کیا جارہا ہے، سینیٹ کے انتخابات میں پی ٹی آئی نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس میں شک نہیں کہ بہت مہنگائی ہے، ایک سیٹ کا وزیر ہوں مگر عمران خان میری بات سنتا ہے ، دو ماہ میں مہنگائی کا جن بوتل میں بند ہو جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو اسطرح لوٹا گیا کہ مہنگائی دو سال سے ہمارے کھاتے پڑ گئی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے کوئٹہ کے جلسے کے بعد ہم بھی کچھ کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ قائد اعظم کے مزار کی بے حرمتی کرنے والوں کو سزا ملنی چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ مارچ میں سینیٹ میں اکثریت پاکستان تحریک انصاف کی ہوگی۔