رائیونڈ اجتماع میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، انشاء اللہ طے شدہ ایس او پیز کے ساتھ منعقد ہو گا' چودھری پرویزالٰہی

سپیکر کی صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر اور راسخ الٰہی کے ہمراہ رائیونڈ تبلیغی مرکز آمد، امیر تبلیغی جماعت مولانا احسان الحق ، مولانا احمد بٹلہ اور دیگر سے ملاقات

پیر 19 اکتوبر 2020 17:33

رائیونڈ اجتماع میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، انشاء اللہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2020ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ رائیونڈ اجتماع ہر سال منعقد ہوتا ہے، انشاء اللہ اس مرتبہ بھی حکومتی کمیٹی کے ساتھ طے شدہ ایس او پیز کے ساتھ منعقد ہو گا اس میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے رائیونڈ تبلیغی مرکز میں صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر اور راسخ الٰہی کے ہمراہ امیر تبلیغی جماعت مولانا احسان الحق صاحب، مولانا احمد بٹلہ، مولانا عبید اللہ خورشید اور مولانا عامر صاحب سے ملاقات کی۔

اس موقع پر میاں احسن معروف صنعتکار، نعیم بٹ اور ڈاکٹر ندیم اشرف بھی موجود تھے۔ مولانا احسان الحق نے تبلیغی جماعت کے حوالے سے چودھری پرویزالٰہی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ کورونا کے دوران تبلیغی جماعت کیلئے سپورٹ پر اللہ تعالیٰ آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے، آپ کی اور آپ کے گھرانے کی دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

مولانا احسان الحق نے چودھری پرویزالٰہی، حافظ عمار یاسر اور راسخ الٰہی کو دعائوں سے نوازا۔

چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ تبلیغی جماعت پوری دنیا میں امن کی سفیر ہے، انشاء اللہ میں اجتماع میں دعا کیلئے بھی شریک ہوں گا اور اس کے علاوہ بھی تبلیغی جماعت کی ہر طرح سے خدمت کیلئے حاضر ہیں۔ بعد ازاں سپیکر چودھری پرویزالٰہی، حافظ عمار یاسر اور راسخ الٰہی نے دیگر علماء کے ہمراہ تبلیغی جماعت کے امیر الحاج عبدالوہاب رحمتہ اللہ علیہ کی قبر پر فاتحہ خوانی اور ان کی بلندی درجات کیلئے دعا بھی کی۔