فیصل آباد ، شوہر ناراض بیوی کو منانے کیلئے 25 لاکھ روپے گنوا بیٹھا

باپ بیٹوں اور 2 خواتین سمیت 8 افراد پر مشتمل جعلی عاملوں کے فراڈ گروہ نے سوا 8 لاکھ روپے نقدی اور 15 تولے زیورات ہتھیالیے

Sajid Ali ساجد علی پیر 19 اکتوبر 2020 17:38

فیصل آباد ، شوہر ناراض بیوی کو منانے کیلئے 25 لاکھ روپے گنوا بیٹھا
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 اکتوبر2020ء) صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں شوہر کو ناراض بیوی کو منانے کے لیے کالے جادو کا سہارا لینا مہنگا پڑگیا ، 25 لاکھ مالیت کا مبینہ فراڈ ہوگیا ، باپ بیٹوں اور 2 خواتین سمیت 8 افراد پر مشتمل گروہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔ اس حوالے سے تفصیلات کے مطابق ناراض بیوی کو منانے کے لیے کالا جادو کرانے والے متاثرہ شہری نے جعلی عامل گروہ کے خلاف پولیس کو درخواست دے دی ، جس میں محسن شہزاد نامی شہری کی طرف سے پولیس کو بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر اشتہار دیکھنے کے بعد ایک عامل سے رابطہ کیا ، جعل ساز گروہ نے کالے جادو کے ماہر عامل ہونے کا دعویٰ کیا ، اور اس سے اس کی ناراض بیوی کو منانے کے لیے کیے جانے والے عمل کے بدلے اس سے سوا 8 لاکھ روپے نقد لیے ، جہاں ملزمان نے 3 لاکھ 75 ہزار آن لائن، 5 لاکھ نقدی اور زیورات خود وصول کیے ، اس کے ساتھ ساتھ ملزمان نے 15 تولے زیورات بھی بٹور لیے۔

(جاری ہے)

پولیس کی طرف سے تھانہ ڈجکوٹ میں فراڈ کا مقدمہ درج کرتے ہوئے باپ بیٹوں اور 2 خواتین سمیت 8 افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔ دوسری طرف ڈیرہ غازی خان میں جعلی عامل نے جن نکالنے کے نام پر تشدد کرکے 12 سالہ لڑکے کو مار ڈالا، پولیس نے جعلی پیر کو گرفتار کرلیا ، ڈی پی او ڈیرہ غازی خان اختر فاروق کے مطابق دراہمہ کے علاقے میں جعلی پیر اعجاز حسین کی جانب سے 12 سالہ لڑکے کاشف کو تشدد کرکے قتل کرنے کی اطلاع موصول ہوئی جس پر وہ پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچیاور فوری طور پر جعلی پیر کو گرفتار کرلیا ، بچے کے لواحقین نے بتایا کہ کاشف کی طبیعت خراب رہتی تھی وہ دم کرانے پیر کے پاس گئے تو اس نے کہا کہ لڑکے پر جنات کا اثر ہے اور اس بہانے کاشف کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس سے وہ دم توڑ گیا ،پولیس کے مطابق کاشف کی میت ٹیچنگ ہسپتال پوسٹ مارٹم کرنے کیلئے منتقل کردی گئی ہے جبکہ لواحقین کی درخواست پر قتل کا مقدمہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد درج کیا جائے گا۔