کیپٹن (ر) صفدر کیخلاف مقدمے کا مدعی مفرور ملزم نکلا، پولیس نے مریم نواز کے دعوے کی تصدیق کردی

احسن آباد میں زمینوں پر ناجائز قبضوں کے خلاف کارروائی میں وقاص احمد و دیگر کے خلاف 25 اگست 2019 کو مقدمہ درج ہوا، مقدمے میں ہنگامہ آرائی، انسداد دہشتگردی اور کارِ سرکار میں مداخلت کی بھی دفعات شامل، پولیس ذرائع

Shehryar Abbasi شہریار عباسی پیر 19 اکتوبر 2020 19:03

کیپٹن (ر) صفدر کیخلاف مقدمے کا مدعی مفرور ملزم نکلا، پولیس نے مریم نواز ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اکتوبر2020ء) کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مقدمہ درج کروانے والا مفرور ملزم نکلا، پولیس نے تصدیق کردی۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مقدمے کے مدعی کے مفرور ملزم ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ وقاص احمد خان کے خلاف تھانہ سپرہائی وے میں مقدمہ درج ہے، اس کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج ہوا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق وقاص احمد و دیگر کے خلاف 25 اگست 2019 کو مقدمہ درج ہوا تھا، مقدمے میں ہنگامہ آرائی اور کارِ سرکار میں مداخلت کی بھی دفعات ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ احسن آباد میں زمینوں پر ناجائز قبضوں کے خلاف کارروائی کی تھی اور یہ کارروائی سپریم کورٹ کے حکم پر کرنے گئے تھے جس پر ملزمان نے مزاحمت کی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مقدمہ زیر سماعت ہے، وقاص احمد مقدمے میں عدالت سے مفرور ہے جب کہ مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان نے عدالت سے ضمانت حاصل کررکھی ہے۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو سندھ پولیس نے مزارِ قائد کا تقدس پامال کرنے کے مقدمے میں گرفتار کیا تھا جنہیں مقامی عدالت نے ضمانت پر رہا کردیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے دعویٰ کیا تھا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف مقدمے کا مدعی خود دہشتگردی کی عدالت کا مفرور ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر کا مدعی وقاص احمد خان دہشتگردی کورٹ کا مفرور ہے، مدعی کیخلاف تھانہ سپرہائی وے میں مقدمہ درج ہے۔

یہ سارے مدعی ایسے ہی کیوں ہیں؟ کیپٹن صفدر کو بڑے اعلیٰ سطح سے دھمکیاں آرہی تھیں کہ ہم تمہیں نہیں چھوڑیں گے۔ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ دھمکیو ں سے نوازشریف ، مریم نواز اور پی ڈی ایم مرعوب ہوجائے گی ؟ اگر ہمت ہے تو مجھے آکر گرفتار کرو۔ مجھے مراد علی شاہ نے پوری بات بتائی ہے اور مجھے پتا ہے یہاں کیا ہوا ہے۔ مشرف کا دور یاد ہے ، جب اس نے پے درپے غلطیاں کیں، ان کا بھی حال مشرف جیسا ہونے والا ہے۔ یاد رہے کہ مریم نواز کے الزام کی پولیس نے تصدیق کردی ہے۔