کراچی انٹراکیڈمی انڈر15فٹبال ٹورنامنٹ خیبر مسلم اکیڈمی نے جیت لیا

پیر 19 اکتوبر 2020 21:05

کراچی انٹراکیڈمی انڈر15فٹبال ٹورنامنٹ خیبر مسلم اکیڈمی نے جیت لیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2020ء) جہانگیر میموریل فٹ بال اکیڈمی کے زیراہتمام کراچی انٹراکیڈمی انڈر 15فٹبال ٹورنامنٹ کا فائنل میچ خیبر مسلم اکیڈمی اور عبدالصمد اکیڈمی کے درمیان جہانگیر فٹبال اسٹیڈیم نارتھ ناظم آباد میں کھیلا گیا ۔ جسے خیبر مسلم اکیڈمی نے جیت لیا۔ مقررہ وقت میںمیچ ایک ایک گول سے برابر رہا جس پر میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے دونوں ٹیموں کو پانچ پانچ پنالٹی ککس دی گئیں جس میں خیبر مسلم نے تمام پنالٹی ککس پر گول اسکور کر کے میچ 5-4سے جیت لیا۔

فائنل میچ کے مہمان خصوصی سابق ٹیسٹ کرکٹرو چیف سیلکٹر پی سی بی اقبال قاسم تھے انہوں نے فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں کے کھیل کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کا ٹیلنٹ بہت زیادہ ہے اگر انہیں مناسب مواقع میسر ہوں تو یہ ننھے کھلاڑی مستقبل کے اسٹار بن سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے جہانگیر میموریل فٹبال اکیڈمی کے بانی و چیئرمین جنید خان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا تعاون ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گا انہوں نے کہا کہ ان کا دل اکیڈمی کا ہرا بھرا گرائونڈ اور یہاں بچوں کو فٹبال کی تربیت حاصل کرتے دیکھ کر بہت خوش ہوا ہے میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی نے فاتح ٹیم کے کپتان کو ٹرافی پیش کی جبکہ اکیڈمی کے چیئرمین جنید خان نے مہمان خصوصی اقبال قاسم کو یادگاری شیلڈ اور سندھ کی روایتی اجرک بھی پیش کی۔