فپواسا کی کال پر پنجاب یونیورسٹی میں اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کا یوم سیاہ

پیر 19 اکتوبر 2020 21:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2020ء) فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز (فپواسا) کی کال پر پنجاب یونیورسٹی میں اکیڈیمک سٹاف ایسوسی کی جانب سے یوم سیاہ منایاگیا ۔ اس موقع پر صدر اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن پروفیسر ڈاکٹرممتاز انورچوہدری، سیکرٹری جاوید سمیع ودیگر عہدیداران نے مختلف شعبہ جات کے دورے کئے۔ اساتذہ نے سیاہ پٹیاں باندھ کرایچ ای سی کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان ڈاکٹر طارق بنوری کی فوری برطرفی کا مطالبہ کیا۔

صدر آسا پروفیسر ڈاکٹر ممتازانور چوہدری نے کہا کہ ایچ ای سی کے چیئرمین کی پالیسیاں تعلیم دشمنی پر مبنی ہیں۔ انہوں نے طارق بنوری اور ان کی تمام ٹیم کو نا اہل قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی کی نا اہل ٹیم کے خلاف پاکستان کی تمام جامعات میں احتجاج ہو رہا ہے۔ ڈاکٹر ممتاز انورنے کہا کہ چیئرمین ایچ ای سی ہائیر ایجوکیشن کا بجٹ بڑھوانے میں ناکام رہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری بی پی ایس اور ٹی ٹی ایس اساتذہ کے مسائل حل کرنے میںبھی ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی کی تحقیقی جرائد اور پی ایچ ڈی میں داخلوں سے متعلق پالیسی مسترد کرتے ہیںجبکہ وعدے کے برعکس پالیسی سازی میں اساتذہ سے مشورہ نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹ پی ایچ ڈی تجربے کی شرط اساتذہ مسترد کرتے ہیں۔ ڈاکٹر ممتاز انورچوہدری نے کہا کہ 21 اکتوبر کو پاکستان کی تمام جامعات کے اساتذہ ایچ ای سی اسلام آباد کے دفتر کے باہر دھرنا دیں گے۔