Live Updates

ملک کے سینئر ترین سیاستدان نے مڈ ٹرم انتخابات کی پیشن گوئی کر دی

وسط مدتی انتخابات دیوار پر لکھے جا چکے، سیاسی بحران گہرا ہوتا جا رہا ہے، دسمبر میں تبدیلی آئے گی: جاوید ہاشمی

muhammad ali محمد علی پیر 19 اکتوبر 2020 19:34

ملک کے سینئر ترین سیاستدان نے مڈ ٹرم انتخابات کی پیشن گوئی کر دی
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اکتوبر2020ء) ملک کے سینئر ترین سیاستدان نے مڈ ٹرم انتخابات کی پیشن گوئی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے سینئر ترین سیاستدان اور تحریک انصاف کے سابق رہنما جاوید ہاشمی کی جانب عمران خان کی حکومت پر تنقید کی گئی ہے۔ جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے، ملک کے حالات قحط زدہ ممالک سے بھی برے ہو چکے ہیں۔

عوام کی یہ بدقسمتی ہے کہ حکمران ان کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے تیار نہیں۔ عوام نے عمران خان کی پالیسیوں پر اعتبار نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سینئر سیاستدان کا کہنا ہے کہ ملک میں سیاسی بحران گہرا ہوتا جا رہا ہے۔ ملکی مسائل کا حل پی ڈی ایم نے بتا دیا ہے۔ جاوید ہاشمی کہتے ہیں کہ وسط مدتی انتخابات دیوار پر لکھے جا چکے، دسمبر میں تبدیلی آئے گی۔

(جاری ہے)

پی ڈی ایم اتحاد بہت کامیابی اور بہترین حکمت عملی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ واضح رہے کہ ماضی میں جاوید ہاشمی نے مسلم لیگ ن کو خیرباد کہہ کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ بعد ازاں انہوں نے 2014 کے دھرنوں کے دوران تحریک انصاف کو بھی خیرباد کہہ دیا تھا۔ قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کے بعد جاوید ہاشمی طویل عرصہ سیاسی میدان سے دور رہے، تاہم اب وہ دوبارہ سے مسلم لیگ ن کے ہمراہ حکومت مخالف پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا حصہ بن چکے ہیں۔

جاوید ہاشمی کی جانب سے وزیراعظم کو مسلسل تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ عمران خان اپوزیشن کیساتھ اپنا رویہ درست کریں۔ جاوید ہاشمی نے وزیراعظم کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپوزیشن کیساتھ بات چیت کریں اور اپنے مسائل کا حل نکالیں۔
                                       
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات