Live Updates

آئی جی سندھ کوکس نے مجبورکیا، بلاول بھٹو جلد تفصیلی بیان دیں گے

آئی جی سندھ نے وزیراعلیٰ کوبتایا مجھے مجبور کیا گیا تھا، تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ آگئی ہے اب تفصیل بلاول بھٹو بتائیں گے۔ پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء نبیل گبول

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 19 اکتوبر 2020 20:35

آئی جی سندھ کوکس نے مجبورکیا، بلاول بھٹو جلد تفصیلی بیان دیں گے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اکتوبر2020ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء نبیل گبول نے کہا ہے کہ آئی جی کوکس نے مجبورکیا، کسی بھی وقت بلاول تفصیلی بیان دیں گے، آئی جی سندھ نے وزیراعلیٰ کوبتایا مجھے مجبور کیا گیا تھا،تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ آگئی ہے اب تفصیل بلاول بھٹو بتائیں گے۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں کہا کہ ہم شرمندہ ہیں کہ ہماری مہمان کے ساتھ ایسے ہوا ہے۔

آئی جی سندھ اگر اس طرح کا کوئی بھی ایکشن لیتے تو وزیراعلیٰ کو آگاہ کرتے۔آئی جی سندھ نے وزیراعلیٰ کو صورتحال سے آگاہ کیا کہ انہوں نے ایکشن لینے سے انکار کیا تھا۔ آئی جی سندھ نے وزیراعلیٰ کو کہا مجھے مجبور کیا گیا تھا۔آئی جی کو کس نے مجبور کیا یہ بات بلاول بتائیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پراسیکیوٹر کو بھی بلایا اور معاملے کے بارے میں پوچھ گچھ کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی بھی وقت بلاول بھٹو کی ٹویٹ آئے گی اور صورتحال واضح ہوجائے گی۔کیپٹن صفدر کی گرفتاری پر تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ آچکی ہے۔تحقیقاتی ٹیم بن گئی، رپورٹ بھی آگئی ہے اب تفصیل بلاول بھٹو بتائیں گے۔تحقیقاتی ٹیم میں کون کون تھا یہ نہیں بتا سکتا۔انہوں نے کہا کہ اداروں کو آپس میں لڑانا اچھی بات نہیں عمران خان کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے۔

 یاد رہے سٹی کورٹ نے مزار قائد بےحرمتی کیس میں کیپٹن (ر) صفدر اعوان کی ضمانت منظور کر لی۔ ضمانت ایک لاکھ مچلکوں کے عوض منظور کی گئی ہے۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اورپارٹی کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ مزار قائد پر کھڑے ہوکر قسم کھائی کہ ووٹ کو عزت دلوائیں گے، مادرملت کا بھی الیکشن چوری ہوا، ہم ریاست کو کمزور نہیں ہونے دیں گے،جھوٹے مقدمات ہمارا راستہ نہیں روک سکتے۔

انہوں نے کراچی میں گرفتاری کے بعد عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم پاکستان کی حفاظت کریں گے۔اور پاکستان کو آگے لے کر جائیں گے۔ ہم ذوالفقار بھٹو کے 1973ء کے آئین کے پاسبان بن کر ملک کو آگے لے کر جائیں گے۔جھوٹے مقدمات ہمارا راستہ نہیں روک سکتے۔انہوں نے کہا کہ مادرملت نے بھی آمریت کا سامنا کیا۔مزار قائد پر کھڑے ہوکر قسم کھائی کہ ووٹ کو عزت دلوائیں گے،مادرملت کے مزار پرکھڑے ہوکر قسم کھائی کہ ہم ریاست کو کمزور نہیں ہونے دیں گے۔

مادرملت کا بھی الیکشن چوری ہوا ، اب مادرملت کے ن لیگ کے بچوں کے ساتھ بھی یہی ہورہا ہے۔ الیکشن چوری ہو تو ریاست کمزور ہوتی ہے۔مسلم لیگ ن کا نعرہ ہے ووٹ کو عزت دو، ہم الیکشن کو چوری نہیں ہونے دیں گے۔واضح رہے گزشتہ روز مزار قائد پر ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے پر کیپٹن ر صفدر کیخلاف مقدمہ درج کرکے پولیس نے ان کو گرفتار کرلیا تھا۔ کیپٹن صفدر اپنی اہلیہ مریم نواز کے ہمراہ پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کیلئے کراچی کے دورے پر تھے۔

نائب صدر مریم نواز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نماز فجر کے بعد ہم سو رہے تھے کہ کمرے کا زور دے دروازہ پیٹنے کی آواز آئی ، کیپٹن ر صفدر نے جب دروزاہ کھولا تو باہر پولیس کھڑی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے کپڑے تبدیل کرلوں، اسی دوران دوبارہ دروازہ توڑ کر وہ اندر آگئے، صفدر نے کہا کہ میں باہر آرہا ہوں ، آپ اندر مت آئیں، میری بیوی کمرے میں ہیں۔

میں اپنی ادویات لے لوں۔ بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کا فون آیا کہ آپ ہماری بہن ہیں، آپ ہماری مہمان ہیں، ہم شرمندہ ہیں۔میں قوم کو بتانا چاہتی ہوں کہ ایک لمحے کیلئے نہیں لگا کہ یہ سندھ حکومت کی کاروائی ہے، کراچی میں یہ کاروائی کروا کراگر تم یہ سمجھتے ہو کہ پی ڈی ایم میں دراڑ آجائے گی، تو ہم بچے نہیں ، ہمیں پتا ہے کہ کیا کھیل جا رہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ مزار قائد پر پی ٹی آئی نے جو نعرہ لگایا، وہ ویڈیو موجود ہے، جب کہ قائد اعظم کے مزار پر اگر ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا جائے تو اس میں کیا حرمت ہے؟ اس نعرے سے کس کو اعتراض ہے ، وہ عوام کا مینڈیٹ چوری کرکے آئے ہیں۔ جنہوں نے محترمہ فاطمہ جناح سے لے کر نوازشریف تک ووٹ کی عزت نہیں کی۔ اگر آپ خلائی مخلوق سے زمینی مخلوق بن گئے ہیں، کیا لوگوں کو آپ کے چہرے نظر نہیں آئیں گے؟ ایف آئی آر میں ایک شق قتل کی دھمکی دی ہے، ایف آئی آر کا مدعی وقاص احمد خان دہشتگردی کورٹ کا مفرور ہے، مدعی کیخلاف تھانہ سپرہائی وے میں مقدمہ درج ہے۔

یہ سارے مدعی ایسے ہی کیوں ہیں؟ کیپٹن صفدر کو بڑے اعلیٰ سطح سے دھمکیاں آرہی تھیں کہ ہم تمہیں نہیں چھوڑیں گے۔ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ دھمکیو ں سے نوازشریف ، مریم نواز اور پی ڈی ایم مرعوب ہوجائے گی ؟ اگر ہمت ہے تو مجھے آکر گرفتار کرو۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات