Live Updates

کراچی میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا جلسہ، کتنے آدمی تھے؟

سیکورٹی ایجنسیوں و آزاد ذرائع کے مطابق جلسے میں 60 سے 70 ہزار افراد شریک ہوئے، حکومت کے مطابق 40 ہزار جبکہ پیپلز پارٹی کے مطابق ڈیڑھ لاکھ افراد شریک ہوئے

muhammad ali محمد علی پیر 19 اکتوبر 2020 20:35

کراچی میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا جلسہ، کتنے آدمی تھے؟
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اکتوبر2020ء) کراچی میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے کے شرکاء کی تعداد کے حوالے سے رپورٹ سامنے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت مخالف اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے گزشتہ روز شہر قائد کراچی میں باغ جناح کے میدان میں جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا تھا۔ جلسے کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی اور اپوزیشن جماعتوں نے دعویٰ کیا کہ جلسہ تاریخی تھا، جبکہ حکومت نے دعویٰ کیا کہ 11 جماعتیں مل کر بھی کراچی کا باغ جناح میدان بھرنے میں ناکام رہیں۔

اب جلسے میں شریک افراد کی تعداد کے حوالے سے رپورٹ سامنے آئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کراچی جلسے میں شرکاء کی تعداد تقریباً 60 ہزار کے قریب تھی، جبکہ آزاد ذرائع کی جانب سے بھی بتایا گیا ہے کہ جلسے کے شرکاء کی تعداد 60 ہزار سے 70 ہزار کے درمیان تھی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب حکومت کا دعویٰ ہے کہ جلسہ ناکام تھا، جلسے میں 40 ہزار افراد شریک ہوئے، جبکہ اسی میدان پر ماضی میں اکیلی تحریک انصاف لاکھوں افراد کے جلسے کر چکی۔

پیپلز پارٹی کا دعویٰ ہے کہ جلسہ انتہائی کامیاب اور تاریخی تھا، جلسے میں 1 لاکھ 50 ہزار افراد شریک ہوئے۔ اس حوالے سے سینئر صحافی و تجزیہ کار عارف نظامی نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا کراچی جلسہ گوجرانوالہ کے جلسے کے مقابلے میں بہتر تھا۔ تعداد کے معاملے میں کراچی جلسہ گوجرانوالہ میں ہوئے جلسے سے بڑا تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات