ٹیرف میں اضافے کے اثرات300یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے نان - ٹی او یو گھریلو صارفین پر نہیں پڑیں گے، کے الیکٹرک

پیر 19 اکتوبر 2020 23:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2020ء) وزارت توانائی کی طرف سے بروز پیر 12اکتوبر، 2020کو جاری کردہ ایس آر او # 1037کے مطابق، کراچی کے بجلی کے ٹیرف کو ملک کے دیگر حصوں کے مساوی کردیا گیا ہے اور حکومت پاکستان کی یکساں ٹیرف پالیسی کے تحت کراچی کے صارفین اب دیگر ڈسکوز کے صارفین کی طرح بجلی کیلئے یکساں قیمت ادا کریں گے۔اس اضافے کی منظوری کابینہ ڈویژن کی طرف سے بھی دی گئی ہے اور سب سے کمزور طبقے پر مشتمل صارفین پر اس اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا۔

یعنی نان۔ٹی او یو(ٹائم آف یوز)گھریلو صارفین جن کا ہر ماہ بجلی کا استعمال 300یونٹ تک ہے۔ لہٰذا، تقریباً 1.5ملین صارفین پر اس نوٹیفکیشن کے اثرات نہیں پڑیں گے۔اس سے قبل، دسمبر، 2019 کے شروع میں نیشنل الیکٹرک پاورریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے طے شدہ بجلی کے ٹیرف میں 4.87 روپے فی کلو واٹ آور اضافے کی منظوری دی تھی۔

(جاری ہے)

تاہم حکومت کی یکساں ٹیرف پالیسی کے تحت،کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے 26مارچ، 2020کو اپنے اجلاس میں فیصلہ کیا تھاکہ کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے ٹیرف میں زیادہ سے زیادہ 2.89روپے فی یونٹ تک اضافہ ہوگا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ پورے ملک میں صارفین کیلئے ٹیرف یکساں رہے جبکہ بقیہ اضافے کو ٹیرف ڈفرینشل کلیم کے ذریعے ایڈجسٹ کیا جائے گا۔

ٹیرف میں حقیقی اضافہ،صارفین کی مختلف کیٹیگریز پر 1.09 روپے سے 2.89روپے تک ہے جس کا اطلاق یکم ستمبر، 2020سے ہوگا۔ اس اضافے کا اطلاق سب سے کمزور طبقے پر نہیں ہوگا، یعنی نان۔ ٹی او یوگھریلوصارفین جن کا ہر ماہ بجلی کا استعمال 300یونٹ تک ہے۔ یہ کے الیکٹرک کے 25لاکھ صارفین کی کل تعداد کے نصف سے بھی زیادہ ہے۔ اس اضافے سے قبل تک کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے مقرر کرد ہ ٹیرف دیگر ڈسکوز کے مقابلے میں کم تھا، جسے اب حکومت پاکستان کی یکساں ٹیرف پالیسی کے تحت ملک کے دیگر حصوں کے مساوی کردیا گیا ہے۔

ٹیرف میں اضافہ سہ ماہی ایدجسٹمنٹ کی بنیاد پر ہے جس کا تعین نیپرا کی طرف کیا گیا ہے۔یہ تعین، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی بنیاد پر ملٹی ایئر ٹیرف میں فراہم کردہ طریقہ کار کے مطابق ہے۔جو، جولائی 2016سے مارچ 2019تک گیارہ سہ ماہیوں کے دوران بجلی کی قیمتِ خرید، آپریشنز اور مینٹینینس کی لاگت اور ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے نقصانات میں ہونے والی ایڈجسٹمنٹ کیلئے جائزاوراخراجات کی مد میں کیا گیاہے، اورپاکستان بھر میں تمام ڈسکوز کی طرف سے معمول کے مطابق یہ کلیم کیا جاتا ہے۔

کے الیکٹرک کیلئے یہ کوئی اضافی فائدہ نہیں ہے کیونکہ پاور یوٹیلیٹی نے پہلے ہی مذکورہ عرصے کے دوران یہ اخراجات برداشت کئے ہیں۔ٹیرف سے متعلق معلومات کیلئے صارفین کے الیکٹرک ہیلپ لائن 118 پر کال کرنے کے علاوہ کے الیکٹرک ٹیرف ہیلپ ڈیسک [email protected] پر ای میل کرسکتے ہیں۔ مزید برآں، صارفین کے الیکٹرک کی ویب سائٹ بھی وزٹ کرسکتے ہیں اوراپنے بلوں میں ٹیرف میں ہونے والے اضافے کے اثرات معلوم کرنے کیلئے آن لائن کیلکولیٹر استعمال کرسکتے ہیں۔