امریکہ کا سوڈان کو دہشت گرد ممالک کی فہرست نکالنے کا اعلان

سوڈان 335 ملین ڈالرز کی رقم ادا کرے اور ہم اس کا نام دہشتگردوں کی پشت پناہی کرنے والے ممالک کی فہرست سے نکال دیں گے: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹویٹ

Shehryar Abbasi شہریار عباسی منگل 20 اکتوبر 2020 00:42

امریکہ کا سوڈان کو دہشت گرد ممالک کی فہرست نکالنے کا اعلان
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اکتوبر2020ء) امریکہ نے سوڈان کو دہشتگردوں کی پشت پناہی کرنے والے ممالک کی فہرست سے نکالنے کا مشروط اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ نے کہا ہے کہ "بڑی خبر۔ سوڈان کی نئی حکومت ترقی کررہی ہے ۔ اس نے 335 ملین امریکی ڈالر امریکہ کے دہشتگردی سے متاثرہ خاندانوں کو دینے پر اتفاق کرلیا ہے ۔

ایک مرتبہ سوڈان یہ رقم جمع کروا دے تو میں سوڈان کو دہشت گردی کی پسشت پناہی کرنے والے ممالک کی فہرست سے نکال دوں گا ۔ آخر کار امریکی شہریوں کو انصاف مل گیا ، سوڈان کا یہ بڑا اقدام ہے ۔"
امریکی صدر نے 335 ملین ڈالر کی رقم کے عوض سوڈان کو دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والے ممالک کی فہرست سے نکالنے پر آمادگی ظاہر کی ہے ۔

(جاری ہے)

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ سوڈان کی نئی حکومت ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ ان کا اچھا فیصلہ ہے ۔ اس سے دہشت گردی کا شکار ہونے والوں کے خاندانوں کا مداوا ہو سکے گا ۔ یاد رہے کہ امریکہ نے دہشت گرد گروپوں کی پشت پناہی کرنے پر 1993 میں سوڈان کو دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کیا تھا ۔ واضح رہے کہ اپریل 2019 میں سوڈان میں مارشل لاء لگنے کے بعد لیفٹیننٹ جنرل احمد عود بن عوف ملک کے سربراہ بن گئے تھے ۔

انہوں نے اپریل میں ملک میں جاری احتجاجوں اور فسادات کے بعد مارشل لاء لگا کر سوڈانی صدر عمر البشیر کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا ۔ 5 جولائی کو 2019 کو فورسز فریڈم چینج الائنس کے زیر سایہ ایک آئینی حکومت قائم کرنے کا اعلان کیا گیا جس کے بعد گزشتہ برس الیکشن کے بعد عبداللہ حمدوک سوڈان کے وزیراعظم بنے تو انہوں نے ملک کی ترقی کے لیے کوششیں تیز کر دی تھیں، اب ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق سوڈان کی حکومت امریکہ کو 335 ملین ڈالر دینے پر رضامند ہے ۔