دورہ پاکستان ، زمبابوے کرکٹ ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی

زمبابوے ٹیم کے کھلاڑی اور ان کے اسٹاف کا حصہ دیگر افراد 21 اکتوبر سے 27 اکتوبر تک اسلام آباد میں قرنطینہ میں گزاریں گے

Sajid Ali ساجد علی منگل 20 اکتوبر 2020 10:17

دورہ پاکستان ، زمبابوے کرکٹ ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اکتوبر2020ء) دورہ پاکستان کے لیے زمبابوے کرکٹ ٹیم کا 20 رکنی اسکواڈ اور اسٹاف اسلام آباد پہنچ گئی ، پی سی بی حکام نے مہمان ٹیم کا ائرپورٹ پر استقبال کیا۔ بتایا گیا ہے کہ زمبابوے ٹیم کے کھلاڑی اور ان کے اسٹاف کا حصہ دیگر افراد 21 اکتوبر سے 27 اکتوبر تک اسلام آباد میں قرنطینہ میں گزاریں گے ، جس کے بعد باقاعدہ پریکٹس سیشنز کا اآغاز ہوجائے گا ، جب کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز 30 اکتوبر سے راولپنڈی اسٹیڈیم میں ہوگا ، دوسرا ون ڈے یکم نومبراور تیسرا ون ڈے 3 نومبر کو راولپنڈی اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا، جس کے بعد پانچ نومبر کو زمبابوے کرکٹ ٹیم لاہور پہنچے گی، جہاں دونوں ٹیموں کے مابین 7 نومبر کو پہلا ٹی ٹونٹی، 9 نومبر کو دوسرا اور 10 نومبر کو آخری ٹی ٹونٹی میچ ہوگا ، جب کہ دورہ مکمل کرنے کے بعد زمبابوے کرکٹ ٹیم 12 نومبر کو اپنے وطن واپس روانہ ہوجائے گی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان کردیا۔پریس کانفرنس کے دوران ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کچھ سینئر کھلاڑیوں کو ڈراپ کیا گیا ہے اور ان کی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کوآسان نہیں لینا چاہیے، کوشش ہے،اچھی اور بیلنس ٹیم بنائیں ، ون ڈے کرکٹ کھیلے ایک سال ہو گیا اس لیے زیادہ تجربات نہیں کریں گے لیکن کوشش کی ہے ٹی ٹونٹی میں نوجوانوں کو زیادہ موقع دیں، حیدر علی اور خوشدل جیسے کھلاڑیوں کو مزید موقع دیں گے۔

سیریز کے لیے اعلان کردہ 22 کھلاڑیوں میں بابر اعظم (کپتان)، عبداللہ شفیق، عابد علی، فخرزمان، حارث سہیل، محمد حفیظ، امام الحق، خوشدل شاہ، حیدر علی، افتخار احمد، محمد رضوان، عماد وسیم، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد حسنین، روحیل نذیر، موسیٰ خان، فہیم اشرف، حارث روف، ظفر گوہر ، عثمان قادر اور وہاب ریاض شامل ہیں۔