کراچی، ٹارگٹ کلنگ یا ڈکیتی مزاحمت، خاتون کا قتل معمہ بن گیا

منگل 20 اکتوبر 2020 13:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2020ء) شہر قائد کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں کار پر فائرنگ سے خاتون جاں بحق ہوگئیں۔پولیس حکام کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں کار پر فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت سیاسی و سماجی رہنما فیروز بنگالی کی بیٹی سے ہوئی ہے۔خاتون کی ٹارگٹ کلنگ کی کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے، جس میں کار سوار خاتون کا موٹر سائیکل سوار ملزمان تعاقب کررہے ہیں، گاڑی گلی میں جیسے ہی داخل ہوئی ملزمان فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

مقتولہ کے بھائی فیصل نے بتایاکہ بہن کو چلتی گاڑی میں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا، شدید زخمی حالت میں عباسی اسپتال منتقل کیا جہاں وہ دم توڑ گئیں۔بھائی کے مطابق بہن کے پاس موبائل فون، رقم اور دیگر تمام اشیا موجود ہیں، فوری طور پر واقعے کی نوعیت کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔مقتولہ کے بھائی نے بتایا کہ والد سیاسی و سماجی شخصیت ہیں، دشمنی سے متعلق کچھ نہیں کہا جاسکتا۔پولیس کے مطابق خاتون کے قتل کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا نہیں لگتا ہے۔