فواد چوہدری نے پی ڈی ایم کی ناکامی کو ملکی ضرورت قرار دے دیا

کوئی شبہ نہیں حکومت میں انتظامی بہتری کی گنجائش ہے لیکن ہزار خامیاں ہوں کیا یہ ملک نواز شریف ، آصف علی زرداری یا ان کے بچوں کے حوالے کر سکتے ہیں؟ وفاقی وزیر کا ٹوئٹ

Sajid Ali ساجد علی منگل 20 اکتوبر 2020 14:25

فواد چوہدری نے پی ڈی ایم کی ناکامی کو ملکی ضرورت قرار دے دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اکتوبر2020ء) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک کی ناکامی کو ملکی ضرورت قرار ے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں لکھا کہ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ حکومت میں انتظامی بہتری کی گنجائش ہے ، شبہ نہیں لوگوں کی امیدوں پر پورا اترنے کیلئے بڑے فیصلے ضروری ہیں لیکن ہزار خامیاں ہوں کیا یہ ملک نواز شریف ، آصف علی زرداری یا ان کے بچوں کے حوالے کر سکتے ہیں؟۔

وفاقی وزیر نے مزید لکھا کہ وزیراعظم عمران خان کے قد کا ایک آدمی بھی اپوزیشن کے پاس ہے؟ اصل میں پی ڈی ایم کی ناکامی عمران خان سے زیادہ ملک کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف گوجرانوالہ میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسہ میں شرکت کے لیے جانے والے قافلے کے خلاف تھانہ شاہدرہ لاہور میں ن لیگی راہنماﺅں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ، ایف آئی آر پنجاب لاﺅڈ سپیکر ایکٹ اور کوروناایس او پیز کی خلاف ورزی پر درج کی گئی ، جس کے مطابق ریلی کی شکل میں گوجرانوالہ میں جلسے کے لیے جاتے ہوئے نون لیگی راہنماﺅں اور کارکنوں نے شاہدرہ چوک لاہور پر بلااجازت ٹریفک بلاک کی جس سے شہریوں کو پریشانی لاحق ہوئی اور ممکنہ طور پر کورونا وائرس کا پھیلاﺅ بڑھانے کی کوشش کی، مقدمہ 2 ہزار سے 22 سو نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا جب کہ نامزد افراد میں مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر ، ملک ریاض، سمیع اللہ خان، ملک پرویز، علی پرویزملک، بلال یاسین ، سمیع اللہ خان اور سیف الملوک کھوکھر کو ان کے ناموں سے نامزد کیا گیا ہے. پولیس کی مدعیت میں درج کیس کے مطابق ملزمان نے ریلی میں حکومتی اجازت کے بغیر گاڑی سے باہر آکر خطاب کیا جس کے دوران حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر اور نعرے بازی کی گئی۔