گرفتاریوں کا سیزن ٹو شروع ہونے والا ہے ، ہم بھی تیار ہیں ،احسن اقبال

عمران خان کی نالائقی پر قومی اداروں کا وقار قربان ہو رہا ہے، وزراء بار بار قومی اداروں کے پیچھے چھپ رہے ہیں ،کچھ لوگ کہتے تھے ‘‘گل ودھ گئی’’ میں کہتا ہوں ‘‘گل مٴْک گئی’’ ہے ،سابق وزیر کی گفتگو

منگل 20 اکتوبر 2020 14:51

گرفتاریوں کا سیزن ٹو شروع ہونے والا ہے ، ہم بھی تیار ہیں ،احسن اقبال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما سابق وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ گرفتاریوں کا سیزن ٹو شروع ہونے والا ہے ، ہم بھی تیار ہیں ،عمران خان کی نالائقی پر قومی اداروں کا وقار قربان ہو رہا ہے، وزراء بار بار قومی اداروں کے پیچھے چھپ رہے ہیں ،کچھ لوگ کہتے تھے ‘‘گل ودھ گئی’’ میں کہتا ہوں ‘‘گل مٴْک گئی’’ ہے ۔

منگل کو احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ گرفتاریوں کا سیزن ٹو شروع ہونے والا ہے، ہم گرفتاریوں کے سیزن ٹو کے لئے بھی تیار ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کی نالائقی پر قومی اداروں کا وقار قربان ہو رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کے وزرا ء بار بار قومی اداروں کے پیچھے چھپ رہے ہیں،کبھی یہ عدلیہ تو کبھی مسلح افواج کو سامنے کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ حکومت اپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے کے لئے یہ گھناؤنا کھیل کھیل رہی ہے،پہلے کہتے تھے یہ کمپنی نہیں چلے گی اب کمپنی پٹ چکی ہے۔ انہوکںنے کہاکہ کچھ لوگ کہتے تھے ‘‘گل ودھ گئی’’ میں کہتا ہوں ‘‘گل مٴْک گئی’’ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ تمام اداروں کو جھونک دیا گیا کہ کشمیر بھول جائیں (ن )لیگ کیخلاف کارروائی کریں ۔ انہوںنے کہاکہ ایک دن میں ہمارے بیس جوان شہید ہوئے انہیں سلام پیش کرتے ہیں،ساتھ سوال بھی پوچھتا ہوں دہشتگردی کو ختم کر دیا تھا دوبارہ زور کیوں پکڑ رہی ہی ۔

انہوںنے کہاکہ جن اداروں نے دہشتگردی سے لڑنا تھا انہیں سیاسی جنگ میں لگا دیا گیا ،آج نیشنل ایکشن پلان کو سیاسی انتقام کا پلان بنادیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ ہماری مسلح افواج کی بہاری پر کسی کو شک نہیں ہے ،مسلح افواج کی پشت پر قومی یکجہتی اور مضبوط معیشت نہ ہوئی تو بہادری اکیلے کچھ نہیں کر سکتی۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر پر بھارت کو کبھی میلی آنکھ ڈالنے کی جرات نہیں تھی،عمران خان کے دور میں بھارت اس کشمیر کو ہڑپ کر گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ مجھے عمران خان بتائیں میں کشمیر کی ایف آئی آر کس پر کاٹوں ۔