سر جڑی بہنوں کی کامیاب سرجری کے بعد برطانیہ سے پاکستان واپسی

صفا اور مروہ کی گھر واپسی پر بے حد خوشی محسوس کر رہی ہوں،بچیوں کی والدہ کی برطانوی ٹی وی سے گفتگو

منگل 20 اکتوبر 2020 16:05

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2020ء)پیدائش کے وقت سر جڑی ہوئی جڑواں بہنیں صفا اور مروہ تین کامیاب آپریشنوں سے مشکل ترین مراحل سے گزرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئیں۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق جڑواں بہنوں کے جڑے سر گزشتہ برس فروری میں علیحدہ کیے گئے تھے، سر علیحدہ کرنے کے لیے تین کامیاب آپریشن لندن گریٹ آرمنڈ سٹریٹ ہسپتال کی ایک ٹیم نے کیے ، اس دوران بچیوں نے 50سے زائد گھنٹے آپریشن تھیٹر میں گزارے اور 100طبی ماہرین پر مشتمل ٹیم بچیوں کی صحت کا مسلسل جائزہ لیتی رہی۔

بچیوں کی والدہ زینب بی بی کا گھر واپسی کے موقع پر برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں کہنا تھا کہ وہ صفا اور مروہ کی گھر واپسی پر بے حد خوشی محسوس کر رہی ہوں۔ ان کا کہنا تھا اللہ کا شکر ہے کہ بچیاں تیزی سے صحتیاب ہو رہی ہیں اور مروہ تو تھوڑے سہارے سے اچھی کارکردگی کا اظہار بھی کر رہی ہے۔زینب بی بی کا مزید کہنا تھا کہ ہم صفا کا بھی زیادہ سے زیادہ خیال رکھیں گے اور ان شا اللہ دونوں جلد ہی چلنا شروع کر دیں گی۔