نیب ہنگامی آرائی کیس : 30 لیگی رہنمائوں کی عبوری ضمانت میں 23اکتوبر تک توسیع

ُہرسال 18 اکتوبر کو مزار قائد ؒپر جا کر ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگائوں گا :کیپٹن (ر) صفدر

منگل 20 اکتوبر 2020 20:10

نیب ہنگامی آرائی کیس : 30 لیگی رہنمائوں کی عبوری ضمانت میں 23اکتوبر تک ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2020ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 30 لیگی رہنمائوں کی جانب سے دائر کردہ درخواست عبوری ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے آئندہ سماعت 23 اکتوبر تک کے لئے ملتوی کردی ہے ،تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے نیب دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی کیس میں مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر راناثنا اللہ اور کیپٹن (ر ) محمد صفدر سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں میں23اکتوبر تک توسیع کردی۔

انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج سجاد حسین نے درخواست پر سماعت کی ۔رانا ثنااللہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے باعث عدالت میں پیش نہ ہوئے اور ان کی حاضری معافی کی درخواست پیش کی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ملزمان کے وکیل فرہاد علی شاہ نے دلائل مکمل کر لیے جس میں موقف اپنایا گیا کہ مقدمہ بے بنیاد اور سیاسی کارروائی ہے ، تمام لوگ تفتیش میں تعاون کر رہیں ہیں، فوٹو گرامنٹکٹ ٹیسٹ کروانے کے لیے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے مزید سماعت 23اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر نے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقدمات سے ڈرنے اور گھبرانے والے نہیں ہیں،ووٹ کو عزت دو کی تحریک نہیں روکی ،ماں کواپنی تکلیف بتانا اور ماں زندہ باد کہنا کوئی جرم نہیں ہے ،فاطمہ جناح نے ووٹ کی عظمت کی بات کہی تھی۔

کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ 2018 کے انتخابات چوری کئے گئے اور ساری دنیا اس سے آگاہ ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ماں کو زندہ باد کہنا اگر جرم ہے تو یہ جرم کرتا رہوں گا ،مادر ملت زندہ باد کا نعرہ لگایا تو کون سا جرم کیا ،ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا ،ہر 18 اکتوبر کو مزار قائد ؒپر جا کر یہی نعرے لگایا کروں گا ،مقدمات سے نہیں ڈرتا ،بابائے قوم نے پاکستان بنایا اور اسے بچانا ہمارا فرض ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عدالتی نظام کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے میری ضمانت منظور کی ،ہم مادر ملت کے وارث ہیں ،لاہور ، پشاور اور گوجرانوالہ میں مقدمات کو بھگتیں گے ،ہمیں عدالتی نظام پراعتماد ہے ،میاں نواز شریف کا نعرہ ہے کہ ووٹ کو عزت دو اس میں کیا غلط ہے ۔