عوام کورونا کے بارے میں ٹرمپ کے بار بار جھوٹ بولنے سے تنگ آگئی: جوبائیڈن

کورونا سے اموات بڑھ رہی ہیں، ملازمتیں ختم ہورہی ہیں،بیان

منگل 20 اکتوبر 2020 21:23

واشنگٹن: (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2020ء) ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے کہا ہے عوام کورونا وائرس کے بارے میں ٹرمپ کے بار بار جھوٹ بولنے سے تنگ آچکے ہیں۔غیر ملکی خبر رساںادارے کے مطابق صدر ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے جو بائیڈن نے کہا کہ کورونا سے اموات بڑھ رہی ہیں، ملازمتیں ختم ہورہی ہیں اور ٹرمپ کورونا وبا کو سنجیدگی سے لینے کے لیے تیار ہی نہیں۔

جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ کورونا وبا سے نمٹنے کی بجائے ماہرین کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ صدر ٹرمپ نے کورونا کے معاملے پر بزدلی کا مظاہرہ کیا۔قبل ازیں ٹرمپ نے اپنے بیان میں ڈاکٹر فاؤچی کو احمق اور جوبائیڈن کو مجرم قرار دیا تھا، امریکی صدر اپنی تقاریر میں مخالفین کو بے تحاشا تنقید کا نشانہ بناتے ہیں اور اخلاقی حدود و قیود کا خیال نہیں رکھتے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز بھی انہوں نے ریاست نیواڈا کے شہر کارسن سٹی میں حمایتیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر جوبائیڈن صدارتی انتخاب جیتے گئے تو میں کرسمس سیزن منسوخ کر دوں گا۔واضح رہے کہ امریکہ میں اگلے ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل ریپلکن اور ڈیموکریٹک امیدواران انتخابی جلسوں میں خود کو صدارت کیلئے اہل ثابت کرنے اور ووٹرز کی زیادہ سے زیادہ حمایت کے حصول کی سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں اور اس دوران ایک دوسرے کے خلاف تندوتیز بیانات دینے سے بھی گریز نہیں کر رہے۔ ٹرمپ اور جوبائیڈن کے درمیان آخری مباحثہ 22 اکتوبر کو متوقع ہے۔