گورنرپنجاب سے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی ملاقات

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے بارے میں بات چیت کی گئی

منگل 20 اکتوبر 2020 21:39

گورنرپنجاب سے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی ملاقات
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2020ء) گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور سے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی ملاقات جبکہ گور نر پنجاب نے نئے نیول چیف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گور نر ہائوس لاہور میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ملاقات کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکبادیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نیوی بہترین پیشہ ورانہ بحری قوت کی حامل ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ سمندری سرحدوں کی حفاظت کے لئے نیوی کی کارکردگی کی دُنیا معترف ہے جبکہ تعلیم اور صحت کے میدان میں بھی پاکستان نیوی کی خدمات قابل تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک نیوی نے قدرتی آفات کے دوران لوگوں کی بے لوث مددکی۔گورنر نے کہا کہ پاک نیوی دشمن کو منہ توڑجواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی نے ملک کے دفاع کیلئے بے انتہا خدمات سرانجام دیں، پوری قوم کوپاکستان نیوی کی بہادری اور شجاعت پر فخر ہے۔گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ملک کی بحری حدود کے دفاع میں پاکستان نیوی کا کلیدی کردار ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی گوادر پورٹ اور سی پیک کو سیکیورٹی فراہم کر کے ملکی معاشی مفاد کے تحفظ میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ اُنہوں نے امید کا اظہار کیا کہ پاکستان نیوی ایڈمرل امجد خان نیازی کی قیادت میں بھی ملک کو درپیش سمندری چیلنجز پر کامیابی سے قابو پائے گی۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ دشمن کسی قسم کی غلط فہمی میں نہ رہیں پاکستان کو نقصان پہنچانے کی سازشیں کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بائیس کروڑ عوام اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اورپاک فوج اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو انتہائی کامیابی، کامرانی اور خوش اسلوبی سے ادا کر رہی ہے جبکہ نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ وطن عزیز کی سرحدوں، ساحلوں، میدانوں اور پہاڑوں کی حفاظت فوج کے جوان اپنے ایمان، قوت اور طاقت سے کر رہے ہیں۔