شاباش سندھ پولیس، ہمیں آپ پر فخر ہے، مریم نواز

دھونس اور جبر کے سامنے جھک جانے سے انکار کرتے ہوئے پوری سندھ پولیس نے چھٹی کی درخواست دے دی، اداروں کو تباہ کرنے کا راگ الاپنے والوں کو اچھے سے پتہ چل گیا ہو گا کہ ادارے کیسے تباہ ہوتے ہیں اور ان کو کون تباہ کرتا ہے، مریم نواز کا ٹوئٹ

Shehryar Abbasi شہریار عباسی منگل 20 اکتوبر 2020 20:06

شاباش سندھ پولیس، ہمیں آپ پر فخر ہے، مریم نواز
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اکتوبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ شاباش سندھ پولیس، ہمیں آپ پر فخر ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ '' دھونس اور جبر کے سامنے جھک جانے سے انکار کرتے ہوئے پوری سندھ پولیس نے چھٹی کی درخواست دے دی۔

اداروں کو تباہ کرنے کا راگ الاپنے والوں کو اچھے سے پتہ چل گیا ہو گا، ادارے کیسے تباہ ہوتے ہیں اور ان کو کون تباہ کرتا ہے۔ شاباش سندھ پولیس۔ ہمیں آپ پر فخر ہے۔''
مریم نواز نے کہا ہے کہ سندھ پولیس نے جرات کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہمیں سندھ پولیس پر فخر ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی واقعہ ریاست کے اوپر ریاست کا کھلا ثبوت ہے، ایڈیشنل آئی جی پولیس کا یہ خط آئین سے آپ کی بغاوت کا ثبوت ہے، آپ نے منتخب صوبائی حکومت کے اختیارات کا مذاق اڑایا اور پاک فوج کو بدنام کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں ایڈیشنل آئی جی پولیس سندھ کا خط بھی شیئر کیا اور کہا کہ جو کراچی میں ہوا ہمارے بیانیے” ریاست کے اوپر ریاست ہے‘‘ کا کھلا ثبوت ہے۔ آپ نے منتخب صوبائی حکومت کے اختیارات کا مذاق اڑایا۔ چادر چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا۔ سینئر ترین پولیس افسران کو اغواء کرکے زبردستی آرڈر لیے اور پاک فوج کو بدنام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل آئی جی پولیس کا یہ خط آئین سے آپ کی بغاوت کا ثبوت ہے۔ دوسری جانب پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی واقعے کا نوٹس لے لیا، کورکمانڈر کراچی کو واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، واقعے کی جلدازجلد شفاف تحقیقات کی جائیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ کورکمانڈر کراچی واقعے کے تمام پہلوؤں کا تعین کرکے حقائق کا تعین کریں۔ یادر ہے کراچی میں کیپٹن ر صفدر کی گرفتاری کے معاملے کے بعد معلوم ہوا ہے کہ سندھ پولیس پر دباؤ ڈال کر گرفتاری کروائی گئی۔ جس کے باعث آئی جی پولیس سندھ مشتاق مہرغیرمعینہ مدت کیلئے چھٹیوں پر چلے گئے ہیں۔ کچھ کا کہنا ہے کہ 15روز کیلئے چھٹی پر گئے ہیں۔