جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولاناعبدالواسع کی زیر صدارت پی ڈی ایم کا اہم اجلاس

اکتوبر کو کوئٹہ میں ہونے والا جلسہ عام نااہل حکمرانوں پر اہلیان بلوچستان کا اظہار عدم اعتماد ہوگا اورملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کا زوردار مطالبہ ہوگا پی ڈی ایم میں شامل تمام محب وطن جماعتیں ملک کی سلامتی اور استحکام کا ضامن بن کر ملک دشمن حکمرانوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گی ،مولانا عبدالواسع، جنرل (ر) عبدالقادربلوچ، علی مدد جتک ، عبدالولی کاکڑ سمیت دیگر کا خطاب

منگل 20 اکتوبر 2020 22:45

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2020ء) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا اہم اجلاس جمعیت علماء اسلام کے صوبائی دفتر میں زیر صدارت جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر رکن قومی اسمبلی مولاناعبدالواسع منعقد ہوا جس میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے صوبائی قائدین اور نمائندے پشتونخواء ملی عوامی پارٹی کے عبد الرحیم زیارتوال،پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبد القادر بلوچ، پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک ، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا، بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سنیئر نائب صدر ملک عبدالولی کاکڑ ، نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر عبد الخالق بلوچ، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے مولانا عصمت اللہ سالم ، قومی وطن پارٹی کے شیر محمد درانی،رکن قومی اسمبلی مولانا سید آغا محمود شاہ مولاناعبد الرحمن رفیق ، مولانا صلاح الدین ایوبی، دلاور خان کاکڑ ، ارکان صوبائی اسمبلی اختر حسین لانگو، نصراللہ زیرے، یونس عزیز زہری ، سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ، سابق اسپیکر راحیلہ درانی، سابق رکن صوبائی اسمبلی یاسمین لہڑی ،جمال الدین رشتیا ،حاجی عین اللہ شمس اور دیگر نے نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں 25اکتوبر کو ہونے والے جلسہ عام کے انتظامات اور ترتیبات کوحتمی شکل دینے کے حوالے سے اراکین کی آراء و تجاویز کی روشنی میں اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی ایم رہنماؤں نے کہا کہ 25اکتوبر کو کوئٹہ میں ہونے والا جلسہ عام نااہل حکمرانوں پر اہلیان بلوچستان کا اظہار عدم اعتماد ہوگا اورملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کا زوردار مطالبہ ہوگا، ظلم ناانصافی اور معاشی استحصال کے خلاف توانا آواز ہوگی تمام جمہوریت پسند جماعتوں، عوام الناس اور سول سوسائٹی کے کارکنان قائدین کے خطبات کی تائید کرتے ہوئے آگے کے سفر میں قدم بہ قدم تحریک کا حصہ بنانے کا عزم کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ 25 اکتوبر کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے زیراہتمام ہونے والے جلسہ عام کو تحریک کا تسلسل سمجھتے ہوئے اسی جذبے کی تحت نااہل حکومت کے خلاف تحریک میں مزید قوت پیدا کی جائے گی تحریک کے آغاز ہی سے حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر منفی پروپیگنڈوں اور اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے لیکن تمام جماعتوں کے مظبوط اتحاد پوری بصیرت کے ساتھ منزل پاکر دم لے گا انہوں نے کہا کہ تحریک کو کامیاب بنانے کیلئے ہر سطح پر محنت کی جائے گی، ملک کے تمام اداروں کے بچاؤ کے جذبے کو لے کر موجودہ حکومت سے نجات، حقیقی تبدیلی اور جمہوریت کے فروغ کیلئے جدوجہد جاری رہ کر پوری قوم کے جذبات اور احساسات کی ترجمانی کی جائے گ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام محب وطن جماعتیں ملک کی سلامتی اور استحکام کا ضامن بن کر ملک دشمن حکمرانوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گی جنہوں نے ناجائز طریقے سے اقتدار پر قبضہ کرکے عوام کا جمہوری حق چھین کر معاشی طور پر ان کا استحصال کیا گیا عوام کو دوسال تک جھوٹے وعدوں اور طفل تسلیوں سے ٹرخاکر ملک کے اندر تمام محکموں کو مفلوج کرنے اور اسے متنازعہ بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے پلیٹ فارم پر فعال کردار ادا کرنے سے دریغ نہیں کرے گا اس جدوجہد میں قیادت کو اہل بلوچستان مایوس نہیں کریں گے حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے کوئٹہ کا جلسہ عام زیادہ بار آور اور موثر ثابت ہوگا۔