حکومت بلوچستان اور سی ٹی ایس پی شارٹ لسٹڈ امیدواروں کے درمیان مذاکرات کامیاب

امیدواروں کا دھرنا دو ہفتوں کے لئے موخر ،پریس کلب کے باہر احتجاجی کیمپ قائم رکھنے کا اعلان

منگل 20 اکتوبر 2020 22:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2020ء) حکومت بلوچستان اور سی ٹی ایس پی شارٹ لسٹڈ امیدواروں کے درمیان مذاکرات کامیاب امیدواروں کا دھرنا دو ہفتوں کے لئے موخر جبکہ پریس کلب کے باہر احتجاجی کیمپ قائم رکھنے کا اعلان ۔ منگل کی شب دوسرے دور میں صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی اور سیکرٹری تعلیم شیر خان بازئی نے سی ٹی ایس پی شارٹ لسٹڈ امیدواروں کے رہنمائوں سے مذاکرات کئے جن میں انہیں مسائل دو ہفتوں میں حل کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی جس کے بعد سی ٹی ایس پی شارٹ لسٹڈ امیدواروں نے بلوچستان اسمبلی کے باہر دیا گیا دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر انجینئر زمرک خان اچکزئی اور سیکرٹری تعلیم شیر خان بازئی نے کہا کہ سی ٹی ایس پی امیدواروں کو انکے مسائل دو ہفتوں میں حل کرنے اور انہیں آرڈر جاری کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے جبکہ سی ٹی ایس پی شارٹ لسٹڈ امیدواروں کے چیئر مین رحمت اللہ یاسین زئی نے کہا کہ صوبائی حکومت کی یقین دہانی پر ہم نے دھرنا دو ہفتوں کے لئے موخر کردیا ہے البتہ کوئٹہ پریس کلب کے باہر احتجاجی کیمپ قائم رہے گا ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ منگل کو سی ٹی ایس پی امیدواروں نے مطالبات کے حق میں اسمبلی کے باہر دھرنا دیکر سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کردیا تھا قبل ازیں حکومت اور سی ٹی ایس پی امیداروں کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور ناکام رہا تھا۔