Live Updates

کراچی شہر یا ملک کسی کے باپ کی جاگیر نہیں،سعید غنی

صفدر کو دھمکی دینے والے بھول گئے عمران خان کی کراچی آمد پر پابندی تھی، بلاول نے بہت پہلے کہا تھا پی ٹی آئی دوسری ایم کیو ایم ہے، وزیر تعلیم سندھ

منگل 20 اکتوبر 2020 22:45

کراچی شہر یا ملک کسی کے باپ کی جاگیر نہیں،سعید غنی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2020ء) سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی شہر یا ملک کسی کے باپ کی جاگیر نہیں، کیپٹن صفدر کو آئندہ کراچی میں نہ آنے کی دھمکیاں دینا مناسب نہیں، دھمکی دینے والے بھول گئے کہ عمران خان کے کراچی میں آنے پر پابندی لگی تھی۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا کہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے یہ نہیں کہا تھا کہ کیپٹن صفدر کو گرفتار نہ کیا جائے، وزیر اعلی نے کہا تھا کہ پولیس کو درخواست پر مقدمہ درج کرنا چاہیے، لیکن گرفتاری میں تیزی دکھانا سمجھ نہیں آیا، وزیر اعلی نے بتایا کہ مدعی مزار قائد پر موجود ہی نہیں تھا، معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کی جارہی ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے بہت پہلے کہا تھا کہ پی ٹی آئی دوسری ایم کیو ایم ہے، نہ یہ شہر کسی کے باپ کی جاگیر ہے نہ یہ ملک کسی کی جاگیر ہے،ایم کیو ایم دھمکی دیتی تھی تو عمل بھی کراتی تھی، پی ٹی آئی والے تو چھینک سے ڈر جاتے ہیں، پی ٹی آئی کی کیا اوقات کہ وہ کسی کو کراچی آنے سے روکے، کیپٹن صفدر کے حوالے سے جے آئی ٹی ٹی بنانے کی ضرورت نہیں، انکوائری کمیٹی اپنا کام کرے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات