گورنر پنجاب و چانسلرجامعہ زرعیہ فیصل آباد نے پروفیسرڈاکٹراقرار احمد خاں (ستارہئ امتیاز) کو یونیورسٹی کا وائس چانسلرمقرر کیا

سیکرٹری زراعت کے دفتر سے جاری ہونے والی نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر اقرار احمد خاں کوسپریم کورٹ آف پاکستان اور ہائی کورٹ کی ہدایات پر سرچ کمیٹی کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب کو سفارش کردہ پینل میں سب سے زیادہ نمبروں کیساتھ پہلی پوزیشن رکھنے پر وائس چانسلرمقرر کیا گیا ہے

بدھ 21 اکتوبر 2020 11:26

گورنر پنجاب و چانسلرجامعہ زرعیہ فیصل آباد نے پروفیسرڈاکٹراقرار احمد ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2020ء) گورنر پنجاب و چانسلرجامعہ زرعیہ فیصل آباد نے پروفیسرڈاکٹراقرار احمد خاں (ستارہئ امتیاز) کو یونیورسٹی کا وائس چانسلرمقرر کیا ہے۔ سیکرٹری زراعت کے دفتر سے جاری ہونے والی نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر اقرار احمد خاں کوسپریم کورٹ آف پاکستان اور ہائی کورٹ کی ہدایات پر سرچ کمیٹی کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب کو سفارش کردہ پینل میں سب سے زیادہ نمبروں کیساتھ پہلی پوزیشن رکھنے پر وائس چانسلرمقرر کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر اقرار نے اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کر دیا ہے اور اقبال آڈیٹوریم میں کیمپس کمیونٹی سے اولین خطاب میں عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار‘ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور‘ وزیرزراعت حسین جہانیاں گردیزی اور سیکرٹری زراعت ڈاکٹر واصف خورشید کے کردار کو خصوصی طو رپر سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بالعموم اور یونیورسٹی کو بالخصوص مشکل حالات کا سامنا ہے اور ان کی کوشش ہوگی کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران ملازمتوں کے عدم تحفظ سے متاثر ہونیوالے سینکڑوں ملازمین کے جملہ مسائل کو پنجاب ریگولائزیشن ایکٹ کی واضح ہدایات کی روشنی میں پائیدار انداز میں حل کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران کیمپس کمیونٹی نے مشکلات حالات کا سامنا کیا تاہم وہ پراُمید ہیں کہ اگر ہم آج بھی سسٹم پر مکمل اعتماد کرتے ہوئے ملک اور اس ادارے کی ترقی کیلئے کمربستہ ہوجائیں تو بہت جلد مسائل کو حل کرتے ہوئے معاملات کو درست سمت میں آگے لیجانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بہت جلد تدریسی و انتظامی عہدوں پر تقرریوں کیلئے سلیکشن بورڈ کے اجلاس منعقد کرکے اہل اُمیدواروں کو اہلیت اور شفاف میرٹ کے ذریعے آگے لایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کو اس وقت باصلاحیت افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہے لہٰذا ان کی کوشش ہوگی کہ جلد ہی اس چیلنج سے عہدہ برآ ہونے کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جلد ہی یونیورسٹی انتظامیہ اور اکیڈیمیا کے ساتھ بیٹھ کر اس جامعہ کے زرعی تشخص کی بحالی کیلئے حکمت عملی ترتیب دیں گے جس پر عمل پیرا ہوکر زرعی شعبے میں ملک کو درپیش چیلنجز کا پائیدار حل تجویز کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ اسی جامعہ کا سپوت ہوتے ہوئے وہ وفاقی و صوبائی حکومتوں اور فنڈنگ ایجنسیوں میں اس کا مقدمہ موثر انداز میں لڑیں گے جس سے اس کی قومی و بین الاقوامی درجہ بندی میں بھی نمایاں بہتری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ یونیورسٹی میں گزشتہ تین برسوں کے دوران اٹھائے جانیوالے اقدامات کا ازسرنو غیرجانبدارانہ اور منصفانہ جائزہ لیں گے اور جہاں بہتری کی گنجائش ہوئی وہ ضرور کریں گے۔ اس موقع پر تمام تدریسی و انتظامی سربراہان اور سٹاف نے انہیں تیسری مرتبہ یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے مکمل تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔