خاشقجی کی منگیتر نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا

قتل کا مقصد عرب دنیا میں جمہوری اصلاحات کے لیے خاشقجی کی امریکہ میں کاوشوں کو روکناتھا،الزام

بدھ 21 اکتوبر 2020 13:00

خاشقجی کی منگیتر نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے خلاف مقدمہ دائر کر ..
انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2020ء) ترکی میں قتل کیے گئے سعودی صحافی جمال خاشقجی کی منگیتر خدیجے چنگیز نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پر جمال خاشقجی کے قتل کا حکم دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے مقدمہ دائر کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں دائر کیے گئے اس مقدمے میں ترک شہری خدیجے چنگیز نے جمال خاشقجی کی موت پر ذاتی چوٹ اور مالی نقصان کا دعوی کیا تاہم سعودی ولی عہد نے جمال خاشقجی کے قتل کا حکم دینے کے الزامات کی تردید کی ہے۔

واضح رہے کہ سعودی حکومت کے ناقد خاشقجی کو ترکی کے شہر استنبول میں سعودی قونصل خانے کے اندر 2018 میں قتل کیا گیا تھا۔مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ جمال خاشقجی کو محمد بن سلمان کی ہدایت کے مطابق قتل کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

دائر مقدمے میں کہا گیا کہ اس قتل کا مقصد واضح تھا عرب دنیا میں جمہوری اصلاحات کے لیے جمال خاشقجی کی امریکہ میں کاوشوں کو روکنا۔

ایک ویڈیو کانفرنس میں خدیجے چنگیز اور ڈان کے وکلا نے کہا کہ اس مقدمے کا مقصد ایک امریکی عدالت کا ولی عہد شہزادے کو قتل کا ذمہ دار ٹھہرانا اور ان دستاویزات کا حصول ہے جن سے حقیقت ظاہر ہو۔خدیجے چنگیز نے ایک بیان میں کہا کہ جمال کا خیال تھا کہ امریکہ میں کچھ بھی ممکن ہے اور میں انصاف اور احتساب کے حصول کے لیے امریکہ کے نظام عدل پر اعتماد کرتی ہوں۔