کراچی،گلشن اقبال میں زائد فیس وصولی پر والدین کا اسکول کیخلاف احتجاج

وزیرتعلیم اضافی چارجزاورفیسوں میں اضافے کانوٹس لیں،نجی اسکول مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے،والدین

بدھ 21 اکتوبر 2020 13:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2020ء) اسٹوڈنٹس پیرنٹس فیڈریشن آف پاکستان کے تحت کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں واقع نجی اسکول کی جانب سے طالبعلموں سے زائد فیس اور اضافی چارجز کی وصولی پر والدین اور طلبا کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین اسکول کے باہر جمع ہوئے اور ہاتھوں میں بینرز اٹھائے اسکول مالکان کے خلاف شدید نعرے بازی کی، والدین کا کہنا تھا کہ بند اسکول کی فیسوں میں رعایت کی جائے، فیس میں سالانہ اضافہ ختم کیا جائے، جب اسکول بند ہیں تو کیسے فیس لی جارہی ہی نجی اسکول مالکان اسکول میں زیرتعلیم ہزاروں طلبا سے پیسے بٹورنے میں مصروف ہیں، اضافی چارجز لینے کا سلسلہ بند کیا جائے، عالمی وبا کورونا وائرس سے صرف اسکول کے مالی معاملات ہی نہیں بلکہ پوری دنیا متاثرہوئی ہے۔

(جاری ہے)

والدین نے کہاکہ کورونا کے دوران آن لائن تدریسی عمل چلتا رہا جس سے اسکول کے وسائل کم استعمال ہوئے، آن لائن تدریسی عمل میں بھی والدین پر مالی دباو آیا، اسکول انتظامیہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی کررہی ہے، عدالتی احکام کے باوجود اسکول کی فیسوں میں کمی نہیں کی گئی، والدین پر اسکول کی جانب سے من پسند جگہ سے کورس خریدنے کے لیے دبا ڈالا جارہا ہے، وزیر تعلیم اضافی چارجز اور فیسوں میں اضافے کا نوٹس لیں اور نجی اسکول مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے۔