ہیڈ کوچز نے قائداعظم ٹرافی کو پلیئرز ڈویلمپنٹ کے لیے اہم قرار دے دیا گیا

ہمارے اسکواڈ میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا بہترین کمبی نیشن موجود ہے،، محمد وسیم سندھ کی ٹیم نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرگئی مگر فائنل ٹو تک نہ پہنچ سکی، باسط علی

بدھ 21 اکتوبر 2020 14:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2020ء) چھ ٹیموں کے ہیڈ کوچز نے قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کو پلیئرز ڈویلمپنٹ کے لیے اہم قرار دیدیا ہے۔ پاکستان کے پریمیئر کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے اعلان کردہ اسکواڈز پر اظہار خیال کرتے ہوئے تمام ہیڈ کوچز نے اتفاق کیا ہے کہ یہ ایونٹ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بہت اہم ہوگا۔ محمد وسیم، ہیڈ کوچ ناردرن نے کہاکہ ہمارے اسکواڈ میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا بہترین کمبی نیشن موجود ہے، کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان کھلاڑیوں کو پریمیئر ٹورنامنٹ میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیں ، اس دوران انہیں سینئرز کی رہنمائی بھی میسر ہوگی۔

باسط علی ہیڈ کوچ سندھ نے کہاکہ سندھ کی ٹیم نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرگئی مگر فائنل ٹو تک نہ پہنچ سکی تاہم یقین ہے کہ یہ اسکواڈ قائداعظم ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ سیکنڈ الیون میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو فرسٹ الیون میں نمائندگی دینے کی حمایت کرتے ہیں۔

عبدالرحمن ہیڈ کوچ سدرن پنجاب نے کہاکہ سدرن پنجاب کی ٹیم مکمل تیار اور قائداعظم ٹرافی کے فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے آغاز کی منتظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شان مسعود کی قیادت میں اعلان کردہ ان کے اسکواڈ میں محمد عباس، محمد عرفان (اسپنر)، حسین طلعت اور سیف بدر جیسے کھلاڑی موجود ہیں، انہیں یقین ہیکہ سدرن پنجاب کی ٹیم ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

فیصل اقبال ہیڈ کوچ بلوچستان نے کہاکہ وہ اسکواڈ کے انتخاب سے مطمئن ہیں اور ان کا اصل ہدف بلوچستان سے زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ میں بھرپور نمائندگی کا موقع دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان بیٹسمین عبدالواحد بنگلزئی نے سیکنڈ الیون اسکواڈ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے فرسٹ الیون میں اپنی جگہ کو یقینی بنایا، جس پر انہیں خوشی ہے۔

شاہد انور ہیڈ کوچ سنٹرل پنجاب نے کہاکہ ہم نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں بہت سے نئے لڑکوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا اور ان میں عبداللہ شفیق، قاسم اکرم، عرفان خان نیازی اور صہیب اللہ نمایاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ حسن علی اور احمد شہزاد کی واپسی سے اسکواڈ مضبوط ہوگا اور وہ ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرنے کی کوشش کریں گے۔عبدالرزاق، ہیڈ کوچ خیبرپختونخوا نے کہاکہ اسکواڈ کا انتخاب کرتے وقت انہوں نے گزشتہ سیزن کے بہترین پرفارمرز اور نوجوان کھلاڑیوں کو یکساں کھیلنے کا موقع فراہم کرنے کی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے بعد اب قائداعظم ٹرافی کا ٹائٹل بھی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔