Live Updates

عدالت کا شہباز شریف کو جیل میں سہولیات فراہم کرنے کا حکم

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو میٹریس، کرسی ،گھر کا کھانا اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں ، احتساب عدالت لاہور کی ہدایت

Sajid Ali ساجد علی بدھ 21 اکتوبر 2020 15:39

عدالت کا شہباز شریف کو جیل میں سہولیات فراہم کرنے کا حکم
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2020ء) لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو جیل میں قانون کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق عدالت کی طرف سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو ان کی میڈیکل ہسٹری کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں ، اس کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو میٹریس، کرسی ،گھر کا کھانا اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں۔

بتایا گیا ہے کہ ن لیگ کی طرف سے شہبازشریف کو جیل میں سہولیات کی فراہمی کے لیے درخواست دائر کی گئی ، لاہور کی احتساب عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ شہبازشریف قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں، انہیں قانون کے مطابق سہولتیں دی جائیں، کیوں کہ اس وقت شہباز شریف کو جیل میں کوئی سہولت نہیں دی جارہی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے لیے جیل کی سہولیات کو ختم کرتے ہوئے انہیں عام قیدیوں کی طرح رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ، میڈیا ذرائع کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ قائد حزب اختلاف کو بیرک نمبر دو میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ، جہاں شہباز شریف کو جیل میں عام قیدیوں کی طرح رکھا جانا، اور مسلم لیگ ن کے صدر کو جیل میں الگ کمرہ،بیڈ، ٹیبل لیمپ اور بی کلاس کی سہولیات ملنا تھیں ، قبل ازیں منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیرعلیٰ پنجاب مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ، لاہور کی احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی ، جہاں عدالت نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، عدالت نے شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل بھیجنے کا حکم دیا۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات