بلاول بھٹو کاسندھی زبان کے معروف شاعر سرویچ سجاولی کو ان کی تیرہویں برسی پر شاندار خراج عقیدت

سرویچ سجاولی منفرد اسلوب و کلام کے عوامی شاعر تھے، جو عوام کے دلوں میں بستے ہیں،سرویچ سجاولی ایم آر ڈی تحریک کے دوران سندھ میں اپنی شاعری کے ذریعے جمہوریت پسند کارکنان کو عزم و ولولہ دیتے تھے،چیئرمین پیپلز پارٹی

بدھ 21 اکتوبر 2020 17:50

بلاول بھٹو کاسندھی زبان کے معروف شاعر سرویچ سجاولی کو ان کی تیرہویں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھی زبان کے معروف شاعر سرویچ سجاولی کو ان کی تیرہویں برسی پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے، جو(آج) بروز 22 اکتوبر کو منائی جائے گی۔ میڈیا سیل بلاول ہاوس سے جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سرویچ سجاولی منفرد اسلوب و کلام کے عوامی شاعر تھے، جو عوام کے دلوں میں بستے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرویچ سجاولی ایم آر ڈی تحریک کے دوران سندھ میں اپنی شاعری کے ذریعے جمہوریت پسند کارکنان کو عزم و ولولہ دیتے تھے، جو جنرل ضیا کی شکل میں تاریخ کے ایک بدترین ظالم و جابر حکمران کے خلاف نبرد آزما تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج پھر جمہوریت پسند کارکنان عوام کو ان کے جائز حقوق دلانے کے لیئے میدان میں نکل پڑے ہیں، مجھے یقین ہے آج کا شاعر و قلمکار وہی کردار ادا کرے گا، جو سرویچ سجاولی نے نبھایا تھا۔ پی پی پی چیئرمین نے ادیبوں و دانشورو پر زور دیا کہ وہ سرویچ سجاولی کی شاعری کو دیگر زبانوں میں بھی متعارف کرائیں، تاکہ ان کی سوچ و فکر سے زیادہ سے زیادہ لوگ اور خصوصا نوجوان نسل بہرمند ہو۔