Live Updates

مولانا فضل الرحمان غلط فہمی میں جی رہے ہیں کہ ان کے بغیر ریاست مکمل نہیں، علی زیدی

مزار قائد کی بے حرمتی کی گئی جس کا مقدمہ درج کر نا چاہیے تھا ،اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کے لیے پیپلز پارٹی اور ن لیگ متحد ہوئے ہیں، وفاقی وزیر

بدھ 21 اکتوبر 2020 18:17

مولانا فضل الرحمان غلط فہمی میں جی رہے ہیں کہ ان کے بغیر ریاست مکمل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2020ء) وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان غلط فہمی میں جی رہے ہیں کہ ان کے بغیر ریاست مکمل نہیں۔وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے ایک انٹرویومیں کہا کہ مزار قائد کی بے حرمتی کی گئی اور میں مزار قائد کی بے حرمتی کا مقدمہ درج کرنا چاہتا تھا۔ انہوںنے کہاکہ اسلام آباد جانے سے پہلے معلوم ہوا کہ مقدمہ درج ہو گیا جس کو میں نے سراہا اور کہا کہ اب قانونی کارروائی کی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کے اختیارات میرے پاس نہیں ہیں جبکہ گزشتہ روز کابینہ کا اجلاس تھا اور ہم سب مصروف تھے۔علی زیدی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز نے 2 گھنٹے ہی کام کیا ہو تو بتا دیں، بلاول بھٹو اور مریم نواز کو تجربہ نہیں اور تقاریر کرنے آجاتے ہیں اور یہ جو مطالبات کرتے ہیں کرتے رہے ہمارا کچھ نہیں جاتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ سے میرے اچھے تعلقات ہیں، انسانی قوانین سزا اور جزا پر قائم ہوتے ہیں جبکہ اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کے لیے پیپلز پارٹی اور ن لیگ متحد ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے کبھی مزار قائد کی بے حرمتی نہیں کی جبکہ 5 اسٹار ہوٹل کے کمرے کا دروازہ توڑنے والی باتیں بے بنیاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ اصل مقصد سے ہٹ کر دونوں جماعتوں نے غلط بیانیوں سے کام لیا اور مولانا فضل الرحمان اس غلط فہمی میں جی رہے ہیں کہ ان کے بغیرریاست مکمل نہیں۔ ان جماعتوں نے ملک کو تباہ کیا۔علی زیدی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے پی ڈی ایم اتحاد سے متعلق جو کہا وہ مذاق کے سوا کچھ نہیں کیونکہ ماضی میں دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے خلاف سخت جملوں کا تبادلہ کرتے تھے اور نواز شریف نے ماضی میں بے نظیر کے خلاف جو باتیں کیں وہ ریکارڈ کاحصہ ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات