سویڈن کیلئے نامزد سفیر کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات ،

وزیرخارجہ نے خارجہ پالیسی ترجیحات کے حوالے سے خصوصی ہدایات دیں

بدھ 21 اکتوبر 2020 18:20

سویڈن کیلئے نامزد سفیر کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات ،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2020ء) سویڈن کیلئے نامزد پاکستانی سفیر ظہور احمد نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں وزیر خارجہ نے بطور سفیر سویڈن نامزدگی پر ظہور احمد کو مبارکباد دی۔ وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ میں تعیناتی کے دوران ظہور احمد کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہم نے سویڈن کیلئے آپ جیسے منجھے ہوئے سفارت کار کا انتخاب کیا ہے ۔

(جاری ہے)

شا ہ محمود قریشی نے کہاکہ آپ ایسے وقت میں بطور سفیر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے جا رہے ہیں جب پاکستان کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ سویڈن میں پاکستانی کمیونٹی خاصی تعداد میں موجود ہے جو مختلف شعبہ جات میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں ،مجھے توقع ہے کہ آپ کی بطور سفیر تعیناتی سے پاکستان اور سویڈن کے مابین تعلیم، ٹیکنالوجی، تجارت سمیت کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا ۔وزیر خارجہ نے نئے نامزد سفیر کو حکومت کی خارجہ پالیسی ترجیحات کے حوالے سے خصوصی ہدایات دیں۔نامزد سفیر برائے سویڈن ظہور احمد نے وزیر خارجہ کی طرف سے حوصلہ افزا کلمات اور خصوصی ہدایات پر ان کا شکریہ ادا کیا