ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم کے احکامات پر ٹریفک پولیس جہلم کا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 21 اکتوبر 2020 18:05

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم کے احکامات پر ٹریفک پولیس جہلم کا ٹریفک قوانین ..
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2020ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شاکر حسین داوڑ کے احکامات پر ٹریفک پولیس جہلم کا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن،تفصیلات کے مطابق محمد ارشد ڈی ایس پی ٹریفک پولیس جہلم کی ہدایات پر تحصیل پنڈدادنخان میں تعینات ٹریفک پولیس ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

بغیر کاغذات و لائسنس روڈ پر آنے والوں کے علاوہ اوور لوڈنگ کرنے والوں اور قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کاروائیاں عمل میں لائی گئیں ۔ٹریفک پولیس پنڈدادنخان نے یکم اکتوبر سے لے کر 15 اکتوبر تک اپنے فرائض ادا کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کل 199چالان کیے اور 54ہزار 850روپے جرمانہ کیا ۔

(جاری ہے)



اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم کے احکامات پر پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس (PHP)کے ہمراہ مشترکہ ڈیوٹی کرتے ہوئے کم عمر ڈرائیورز، اوور سپیڈ چلنے والوں اور ٹریفک قوانین کی پاسداری نہ کرنے والوں کے خلاف بھی کاروائیاں کیں۔

اس دوران ٹریفک پولیس اہلکار متعدد گاڑیوں کے ڈرائیورز اور سڑک پر پیدل چلنے والوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی بھی دیتے رہے۔تحصیل پنڈدادنخان کے سنجیدہ اور قانون دوست حلقوں نے ٹریفک پولیس پنڈدادنخان کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔