بی پی ایس فیکلٹی کے وفد کی چیئرمین ایچ ای سی سے ملاقات

سرکاری جامعات کی بی پی ایس فیکلٹی کے مسائل اور چیلنجز سے اُن کو آگاہ کیا

بدھ 21 اکتوبر 2020 20:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2020ء) آل پاکستان یونیورسٹیز بی پی ایس ٹیچرز ایسوسی ایشن (All Pakistan Universities BPS Teachers Associaton -- APUBTA) کے ایک وفد نے ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری سے ملاقات کی اور سرکاری جامعات کی بی پی ایس فیکلٹی کے مسائل اور چیلنجز سے اُن کو آگاہ کیا۔ ملاقات میں ایچ ای سی کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر شائستہ سہیل، ممبر آپریشنز ایند پلاننگ ڈاکٹر فتح مری، ایڈوائزر ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن اویس احمد اور ڈائریکٹر کوالٹی اشورنس عقیل اختر خان بھی موجود تھے۔

بی پی ایس فیکلٹی کے وفد نے بتایا کہ سرکاری جامعات میں اساتذہ کا کُل 88فیصد بی پی ایس فیکلٹی پر مشتمل ہے، لیکن اُن کے ساتھ ایک منظم اور کثیر جہتی امتیاز برتا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایچ ای سی بی پی ایس فیکلٹی کے لیے ایک سروس سٹرکچر (Service Structure)تشکیل دے جو اُن کی ترقی کے قواعد، کارکردگی پر مبنی مراعات، اور پی ایچ ڈی کے بعدتجربے کے حوالے سے رعایت پر مشتمل ہو۔

اُنہوں نے کہا کہ ان قواعد کی عدم موجودگی ، مراعات کی کمی، اور اضافی انتظامی کام کے بوجھ کے سبب احساس محرومی اورحوصلہ شکنی کا شکار ہے۔چیئرمین نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ایچ ای سی کا کردار بی پی ایس اور ٹی ٹی ایس فیکلٹی کے تمام ممبران کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ بی پی ایس فیکلٹی نے پہلی بار چیئرمین ایچ ای سی سے رابطہ کیا ہے۔ چیئرمین ایچ ای سی کا کہنا تھا کہ ایچ ای سی اُن کے ساتھ مل کر اُن کے مسائل کے حل کے لیے کام کرے گا تاکہ مساوی بنیادوں پر اقدامات کر کے تدریس وتحقیق کے معیار میں بہتری لائی جاسکے۔

انہوں نے کہاکہ اپنے مطالبات بی پی ایس قواعد کی تشکیل کے حوالے سے پروپوزل (Proposal)کی شکل میں پیش کریں۔ ایسوسی ایشن کی درخواست پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایچ ای سی قواعد کی تشکیل میں ایسوسی ایشن کو تکنیکی معاونت کی فراہمی کے لیے انتظامی قوانین کے ایک ماہر کی خدمات حاصل کرے گا۔ ایچ ای سی پروپوزل پر نظر ثانی کر کے کمیشن میں اُس پر فیصلے کے لیے پیش کرے گا، اور یہ کام تین ماہ کے عرصے میں مکمل ہوسکے گا۔

چیئرمین نے وفد پر زور دیا کہ وہ اہم مسائل پر مشاورت کرلیں کہ کیسے بی پی ایس اور ٹی ٹی ایس کے درمیان ہم آہنگی لائی جائے اور کیسے بہترین لوگوں کی تدریس کا پیشہ اختیار کرنے کے حوالے سے حوصلہ افزائی کی جائے۔ پی ایچ ڈی کے بعد تجربے کے مسئلے پر چیئرمین ایچ ای سی نے ایسوسی ایشن کے اراکین سے درخواست کی کہ وہ اس حوالے سے تمام عناصر پر فیصلے کے لیے ٹھوس معلومات فراہم کریں۔ ایسوسی ایشن کے اراکین نے تعلیمی و تحقیقی معیار کی بہتری کے لیے ایچ ای سی کے اقدامات جن میں انڈرگریجویٹ اور گریجویٹ ایجوکیشن پالیسیاں ، تحقیق کے فروغ کے لیے اقدامات، اور تحقیقی مجلات کی نئی درجہ بندی شامل ہیکی تائید کی۔

متعلقہ عنوان :