Live Updates

اپوزیشن نے ملک کو اندرونی طور پرکمزور کرنے کاٹھیکہ لیا ہوا ہے ، آفتاب صدیقی

کبھی یہ لوگ ملکی اداروں اور افواج کے خلاف بیان بازی کرتے ہیں تو کبھی بابائے قوم کی قبر کی بے حرمتی کرتے ہیں، رکن قومی اسمبلی تحریک انصاف

بدھ 21 اکتوبر 2020 21:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے ملک کو اندرونی طور پرکمزور کرنے کا ٹھیکہلیا ہوا ہے۔ کبھی یہ لوگ ملکی اداروں اور افواج کے خلاف بیان بازی کرتے ہیں تو کبھی بابائے قوم کی قبر کی بے حرمتی کرتے ہیں۔ ملکی اداروں اور قائد اعظمؒ کی عزت نہ کرنے والے کس منہ سے ووٹ کی عزت کی بات کرتے ہیں۔

صفدر اعوان کی گرفتاری کو شرمناک کہنے والے بلاول زرداری کو یہ بیان دیتے ہوئے خود شرم آنی چاہئے۔ایک طرف پیپلز پارٹی خود صفدر اعوان کو گرفتار کرواتی ہے تو دوسری طرف ٹی وی پر بیٹھ کر ڈرامے بازی کرتی ہے۔ پیپلز پارٹی بابائے قوم کی قبر کی بے حرمتی کے معاملے کو سیاست رنگ دے کرتماشہ کھڑا کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انصاف ہاوس سے جاری کردہ بیان میں آفتاب صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن بغض عمران خان میں اندھی ہو چکی ہے ۔

انہیں اپنے ذاتی مفادات کے سوا کچھ نظر نہیں آتا ۔ پیپلز پارٹی خود ن لیگ کے ساتھ سیاسی کھیل کھیل رہی ہے۔ ناکام سیاستدانوں کے گروہ سے ملکی ترقی اور پی ٹی آئی حکومت کے عوام دوست اقدامات ہضم نہیں ہو رہے ۔ملک کی عوام اس کرپٹ ٹولے کو اچھی طرح پہچانتے ہیں جنہوں نے 40سالوں میں ملک کا پیسہ لوٹا او ر عوام کو ان کے جائز حقوق سے محروم کیا۔ احتساب کے خوف کی وجہ سے سارے کرپٹ سیاستدان ایک لائن میں کھڑے ہو گئے ہیں۔ اپوزیشن چاہے جتنا شور مچا لے ، بلا تفریق احتساب کا عمل اور ملک کی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میںملک ترقی کی منازل طے کرے گا اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی دوڑ میں شامل ہوگا
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات