پاکستان میں ٹک ٹاک سے پابندی اٹھائے جانے کے فیصلے پر چینی حکومت کا ردعمل

چینی حکومت ہمیشہ اوورسیز چینی انٹرپرائزز کو ہدایت کرتی ہے کہ وہ مقامی و بین الاقوامی قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کریں اور مقامی روایات و مذاہب کا مکمل احترام کریں: ترجمان چینی وزارت خارجہ

Shehryar Abbasi شہریار عباسی بدھ 21 اکتوبر 2020 19:42

پاکستان میں ٹک ٹاک سے پابندی اٹھائے جانے کے فیصلے پر چینی حکومت کا ردعمل
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2020ء) چینی وزارت خارجہ نے پاکستان کی جانب سے ٹک ٹاک پر سے پابندی اٹھانے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق چین نے معروف ویڈیو شیئرنگ ایپ ’ٹک ٹاک‘ پر سے پابندی اٹھانے کے پاکستان کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان زاؤ لی جیان نے پریس بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ ’حکومت ہمیشہ اوورسیز چینی انٹرپرائزز کو ہدایت کرتی ہے کہ وہ مقامی و بین الاقوامی قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کریں اور مقامی روایات و مذاہب کا مکمل احترام کریں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں یہ جان کر خوشی ہے کہ دونوں فریقین دوستانہ ماحول میں مشاورت کے ذریعے معاملات کو حل کر رہے ہیں‘۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے دونوں ممالک کے درمیان انٹرپرائزز اور سافٹ ویئر کی سطح پر مثبت تعلق قائم ہوگا ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ دو روز قبل حکومت پاکستان نے ’ٹک ٹاک‘ کو محض 10 دن بعد ہی پاکستان میں مشروط اجازت پر بحال کردیا تھا پی ٹی اے نے مشروط اجازت کے بعد ٹک ٹاک کو 19 اکتوبر کو ہی سہ پہر کو پاکستان میں بحال کردیا ۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ٹک ٹاک کو مشروط اجازت کے ساتھ بحال کیا گیا ۔ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کے مطابق ملک میں انٹرنیٹ کے صحت مندانہ ڈیجیٹل تجربے اور ڈیجیٹل کمپنیوں کی ترقی کے پیش نظر پابندی ہٹائی گئی۔ پی ٹی اے نے بتایا کہ ٹک ٹاک انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ غیر اخلاقی اور نامناسب مواد کی پلیٹ فارم پر ترویج نہیں کی جائے گی اور یہ کہ جو صارفین غیر قانونی مواد اپ لوڈ کرنے میں مستقل طور پر ملوث ہیں ان کو پلیٹ فارم کی طرف سے بلاک کر دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پی ٹی اے کی طرف سے کہا گیا کہ ٹک ٹاک انتظامیہ غیراخلاقی و غیر مناسب مواد کی روک تھام کا میکانزم بنانے پر آمادہ ہے اور اس نے یقین دہانی کروائی ہے کہ غیراخلاقی موادکی مسلسل نگرانی اورایسیاکاؤنٹس معطل کرنیکامقامی نظام بنادیا ہے اس سے قبل پی ٹی اے نے 9 اکتوبر کو ٹک ٹاک پر پابندی عائد کی تھی ۔ پی ٹی اے کے مطابق معاشرے کے مختلف طبقوں کی جانب سے ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی اور غیر مہذب مواد کی موجودگی کی شکایات کی گئی تھیں جس کے بعد ایپ پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔