کراچی آرٹس کونسل میں ٹی وی کے سینئر اداکار لطیف منّا مرحوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

کراچی آرٹس کونسل نے ہمیشہ شاعر ،ادیب و فنکاروں کو ایک کنبے کی شکل دینے کے کوشش کی ہے ، محمد احمد شاہ

بدھ 21 اکتوبر 2020 23:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2020ء) آرٹس کونسل فنکاروں، ادیبوں اور شعراء کرام کی خوشی میں خوش اور غم میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ لطیف منّا ہمارا بہت اچھا ساتھی اور شاندار اداکار تھا ،ٹی وی ہو یا فلم انہوں نے ہر شعبے میں بڑا کام کمایا ۔ان خیالات کا اظہار صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے سینئر اداکار لطیف منّاکی یاد میں کراچی آرٹس کونسل کے زیر اہتمام تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوںنے کہا کہ آرٹس کونسل نے ہمیشہ شاعر ،ادیب و فنکاروں کو ایک کنبے کی شکل دینے کی کوشش کی ہے ۔ آپ جتنے لوگ یہاں بیٹھے ہیں یہ سب لطیف منّا کی کمائی ہے، آپ سب کا یہاں جمع ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ وہ ایک عظیم انسان تھے، انہوں نے کہاکہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی 20تا 22نومبر سندھی لینگویج اینڈ لٹریچر کانفرنس اور سندھ کلچر فیسٹیول منعقد کررہا ہے جس میں سندھی ثقافت کی ہزاروں سال پرانی تاریخ ،میوزک اور دیگر پہلوئوں پر کام شروع کردیا ہے، سیاسی رہنما جاوید ناگوری نے کہاکہ فن کار دنیا میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے، جس معاشرے میں ہم رہے ہیں لوگ یہاں ہنسنے کو ترستے ہیں لیکن لطیف مّنا دُکھی انسانیت کو ہنسانے میں اہم کردار ادا کرتے تھے، وہ فقیرانہ اور معصوم طبیعت کے مالک تھے، تعزیتی ریفرنس پر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے فنکاروں کے لیے ایک عظیم بیڑہ اپنے سر لیا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

معروف اداکارہ سلمیٰ ظفر نے کہاکہ شوبز کی دُنیا میں جب لطیف مّنا سے ملاقات ہوئی تو یہ جان کر حیرت ہوئی اس شعبے میں نظریں جھکا کر بات کرنے والا بھی کوئی انسان ہے، لطیف مّنا کا دل بچہ تھااُس نے اپنی معصومیت کبھی نہیں بیچی، معین اختر کے بعد لطیف مّنا کا دُکھ میں اپنے دل میں محسوس کرتی ہوں، اس کی اداکاری بالکل اس کی طرح بے باک تھی۔مّنا ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔

ہدایت کار و اداکار نذر حسین نے کہاکہ لطیف مّنابہت نفیس انسان تھے،بہت عجیب محسوس ہوتا ہے کہ لطیف مّنا ہمارے درمیان نہیں ہے، ایسا لگتا ہے کہ کوئی ہمارے دل سے کسی کو چھین کرلے گیا،ہدایت کار اقبال لطیف نے کہاکہ مّنا سب سے بہت پیار کرتے تھے ،وہ نماز اور وقت دونوں کا پابند تھا، تھیٹر اور ٹیلی وژن میں میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں سے ہمیشہ سب کو خوش رکھا۔

تعزیتی ریفرنس سے ایوب شیخ، رضوان رشید ،یونس میمن، علی گل ملاح ،نجمہ کاوش،جاوید ،آصف ،احمد میمن،فدا میلانو،اکرم شیخ ،ماما لولو،اداکار الطاف سومرو ودیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ نظامت کے فرائض اقبال لطیف نے انجام دیئے۔لطیف منّا کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے تعزیتی ریفرنس میں ان کی اداکاری پر مبنی ویڈیو کی کلپس بھی دکھائے گئے۔