سندھ پولیس کی لازوال قربانیوں پر سندھ بھر کے عوام سلام عقیدت پیش کرتے ہیں،قاری عثمان

بدھ 21 اکتوبر 2020 23:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2020ء) جمعیت علماء اسلام کے رہنماء قاری محمد عثمان نے کہا کہ سندھ پولیس کی لازوال قربانیوں پر سندھ بھر کے عوام سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ سندھ بھر خصوصا کراچی میں قیام امن کیلئے سندھ پولیس نے سب سے بڑی قربانی دی ہے۔ پولیس کا کراچی امن کی بحالی میں کردار تاریخی رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری بیان میں کیا۔

قاری محمد عثمان نے کہا کہ کراچی کے گلی کوچوں میں پولیس اہلکاروں کو گاجر مولی کی طرح ذبح کیا گیا۔ قیام امن کیلئے سندھ پولیس کی لازوال قربانیوں کو کراچی اور سندھ بھر کے شہری قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج صرف سندھ ہی نہیں بلکہ ملک بھر کے 22 کروڑ عوام سندھ پولیس کے شانہ بشانہ ہیں۔

(جاری ہے)

اداروں کو سیاست سے پاک رکھنے میں ہی ملکی ترقی ممکن ہوسکے گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس اگر قیام امن کیلئے جانوں کے نذرانے پیش نہ کرتی تو آج نقشہ کچھ اور ہوتا۔ دہشت گردوں کی جانب سے پولیس کے ہزاروں جوان نشانہ بنے اور ملک و ملت پر قربان ہوئے۔ کراچی میں چھوٹے بڑے پولیس افسران و اہلکاروں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر شہریوں کو تحفظ فراہم کیا۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ پولیس ریاست کا ایک اہم ستون ہے اسکی بے توقیری ریاست کی بے توقیری کے مترادف ہے۔

کیا وجہ ہے کہ پولیس جیسے ادارے بھی دبائوکی زد میں آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سندھ پولیس نے خامو ش مگر بے مثال احتجاج کرکے حب الوطنی کا عملی مظاہرہ کیا ہے ورنہ احتجاج کے مروجہ طریقوں کو اپنانا بھی انکا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلی پولیس افسران اور عام اہلکاروں کی قربانیوں پر کراچی کے شہری اور سندھ بھر کے عوام انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔