غیر اعلانیہ مارشل لا ہے یا نہیں دو دن میں جو کچھ ہوا عوام کو پتا چل گیا

ریاست کے اندر ریاست کیسے ہوتی ہے سب پر واضح ہو گیا ہے

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 22 اکتوبر 2020 07:15

غیر اعلانیہ مارشل لا ہے یا نہیں دو دن میں جو کچھ ہوا عوام کو پتا چل گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2020ء) ن لیگ کا بیانیہ تو سب کے سامنے ہے کہ وہ اسٹیبلشمنٹ سے بھی اوپر فوج کو تقید کا نشانہ بناتے اور سچ جھوٹ ملا کر ایسی باتیں کی جاتی ہیں کہ عام لوگوں کے تو سر کے اوپر سے نکل جاتی ہیں مگر اس وقت جس قسم کی فضا ن لیگ یا اتحادی پارٹیوں نے پیدا کر دی ہوئی ہے اور اس پر حکومت کی بوکھلاہٹ اثر انداز ہو رہی ہے اس سے پاک فوج اور دیگر ریاستی اداروں کی ساکھ ضرور متاثر ہو گی۔

پی ڈی ایم کے کراچی جلسہ کے بعد جس طرح سے کیپٹن صفدر کو گرفتار کیا گیااور پھر انہیں چھوڑا گیا۔اس سارے کھیل میں اپوزیشن اور حکومتی نمائندوں نے جس قسم کی بیان بازی کی اور سندھ حکومت اور وفاق ایک دوسرے کے سامنے آن کھڑے ہوئے اور سونے پر سہاگہ سندھ پولیس کے افسران نے جب چھٹیوں کی درخواستیں جمع کروادیں ۔

(جاری ہے)

اسکے بعد رینجرز کا کردار اور سب چیزیں بپا ہوئیں تو بالآخر آرمی چیف کو نوٹس لینا ہی پڑا۔

معاملات ابھی بھی نہیں سلجھے اور کہانی کے اندر سے کہانی نکلتی جا رہی ہے اور گتھی ہے کہ حل ہونے کو نہیں آ رہی۔گزشتہ دن نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرا م میں جب اینکر نے ن لیگ کے راہنما رانا ثنا ءاللہ سے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کہتے ہیں کہ غیر اعلانیہ مارشل لا ہے تو غیر اعلانیہ مارشل لا کہاں نظر آ رہا ہے آپ کو۔اس پر رانا ثنا ءاللہ نے جواب دیا کہ مولانا کی بات کو تو چھوڑیں یہ دیکھیں کہ میاں نواز شریف اتنے عرصے سے کہہ رہے تھے کہ state above the state نہیں ہونی چاہیے اس پر لوگ پوچھتے تھے کہ state within the stateتو ہوتا ہے مگر یہ state above the state والا کیا معاملہ ہوتا ہے۔

اب پچھلے دو دن میں جو کچھ ہوا اس پر سب واضح ہو گیا کہ state above the state کیا ہوتا ہے۔ اب بائیس کروڑ عوام کو بھی پتا چل گیا۔تو بات یہ ہے کہ یہ غیر اعلانیہ والا معاملہ نہیں چلے گا۔اگر انہوں نے کچھ کرنا ہے تو پھر اعلانیہ آ جائیں اور جو کرنا ہے کریں مگر اس طرح سے نہیں چلے گا۔