سعودی عرب میں آج کے روز موسم کے حوالے سے اہم اعلان کر دیا گیا

مکہ اور مدینہ میں آج تیز گرد آلود ہوائیں چلیں گی، ڈرائیورز اور راہگیروں کو احتیاط کی ہدایت کر دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 22 اکتوبر 2020 11:24

سعودی عرب میں آج کے روز موسم کے حوالے سے اہم اعلان کر دیا گیا
مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22 اکتوبر2020ء) سعودی عرب میں موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی کر دی گئی ہے جس کے مطابق آج مکہ اور مدینہ میں گردآلود ہوائیں چلیں گی۔ جس سے حدِ نگاہ متاثر ہو گی تاہم سانس لینے میں بھی دُشواری کا سامنا ہو سکتا ہے۔ مدینہ منورہ میں گرد آلود ہوائیں شام 5 بجے تک چلتی رہیں گی۔ مدینہ اور مکہ کے علاوہ العیص، المہد، بدر، خیبر اور ینبع میں بھی گرد کا طوفان اُٹھے گا۔

خصوصا کھُلے مقامات اور شاہراہوں پر یہ طوفان شدید ترین ہو سکتا ہے، اس لیے مسافروں اور ڈرائیورز کو خصوصی احتیاط کرنی ہو گی۔ ڈرائیونگ کے دوران بھی رفتار کم رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔کچھ علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ ہو گا تاہم مملکت کے دیگر علاقوں میں موسم میں کوئی خاص تبدیلی ہونے کا انتظار نہیں ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سعودی عرب میں چند روز پہلے بارشوں کے بعد موسم سرد ہو گیا تھا، جس پر کئی ماہ تک گرمی سے پریشان رہنے والے لوگوں کے چہرے خوشی سے کھل اُٹھے تھے اور وہ دعا کر رہے تھے کہ دوبارہ سے گرمی واپس نہ آئے۔

کئی علاقوں میں تو لوگوں نے کمبل اور گرم کپڑے بھی نکال کر استعمال کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ سعودی عرب کے معروف ماہر موسمیات ڈاکٹر زیاد الجہنی نے خوش خبری سُنائی ہے کہ مملکت میں اگلے دس روز تک سردی کی لہر برقرار رہے گی جس کے باعث درجہ حرارت 30 سینٹی گریڈ سے زیادہ نہیں بڑھے گا، جبکہ راتیں بہت ٹھنڈی ہو جائیں گی۔ بیشتر علاقوں میں رات کے وقت درجہ حرارت 14 سینٹی گریڈ تک کم ہو جائے گا۔ یوں سعودی عر ب میں مقیم افراد خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔