اسلحہ تجارت پرعاید پابندی کاخاتمہ،ایران کامیزائل دفاعی نظام کا تجربہ

ایران کے خورداد3 اور خورداد 15 نظاموں نے درمیانی اور انتہائی بلندی سے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا ،حکام

جمعرات 22 اکتوبر 2020 12:38

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2020ء) ایران نے فوجی مشقوں کے دوران میں ملکی ساختہ فضائی دفاعی نظام کا تجربہ کیا ہے۔ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کی ویب سائٹ کی اطلاع کے مطابق آسمان کے مدافعین کے نام سے یہ تجربہ ملک کی نصف فضائی حدود کے برابر علاقے میں کیا گیا ۔ان مشقوں سے آرمی اور پاسداران انقلاب کے جدید نظاموں نے اپنی مضبوطی اور طاقت ظاہر کردی ۔

(جاری ہے)

اس تجربے میں ایران کے لڑاکا جیٹ نے حصہ لیا ہے اور ایران کے خورداد3 اور خورداد 15 نظاموں نے درمیانی اور انتہائی بلندی سے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا ۔فوجی مشقوں کے نگران کمانڈر جنرل قادر رحیم زادہ نے سرکاری ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے تمام طے شدہ اہداف حاصل کر لیے ہیں۔ایران نے اپنے اس فضائی دفاعی نظام کا تجربہ اقوام متحدہ کی اسلحہ کی خریدوفرخت پر عاید پابندی کے خاتمے کے بعد کیا ہے۔اس نے گذشتہ اتوار کو یہ اعلان کیا تھا کہ جولائی 2015 میں چھے عالمی طاقتوں کے ساتھ طے شدہ جوہری سمجھوتے کی شرائط اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2231 کے تحت اسلحہ کی تجارت پر عاید بین الاقوامی پابندیوں کا خاتمہ ہوگیا ہے۔