ایبٹ آباد ، آل پاکستان عمران خان میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ فیصلہ کن مرحلہ میں داخل

جمعرات 22 اکتوبر 2020 13:11

ایبٹ آباد ، آل پاکستان عمران خان میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ فیصلہ کن ..
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2020ء) : آل پاکستان عمران خان میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ 2020ئ فیصلہ کن مرحلہ میں داخل ہو گیا۔ پہلے سیمی فائنل میں ینگ یونائیٹڈ نواں شہر نے سنسنی خیز مقابلہ کے بعد شمع ہزارہ دھمتوڑ کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ کلیم اللہ خان کے زیراہتمام نواں شہر گراؤنڈ میں جاری فٹ بال ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ ینگ یونائیٹڈ نواں شہر اور شمع ہزارہ دھمتوڑ کے مابین کھیلا گیا، میچ کا آغاز دونوں ٹیموں نے جارحانہ انداز میں کیا۔

دونوں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر بھرپور حملے کئے لیکن دفاعی کھلاڑیوں کے بہترین کھیل کی بدولت اچھے مواقعوں سے بھی فائدہ نہ اٹھا سکیں اور پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

(جاری ہے)

دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے برتری حاصل کرنے کی بھرپور کوششیں کیں لیکن کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی، اس طرح میچ مقررہ وقت تک بغیر کسی گول کے برابر رہا اور فیصلہ پنلٹی ککس پر آ گیا۔

مقررہ پنلٹیز پر بھی دونوں ٹیموں کا مقابلہ برابر رہا اور رننگ پنلٹیز پر بالآخر ینگ یونائیٹڈ نواں شہر نے کامیابی حاصل کر کے فیصلہ کن معرکہ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ ریفری عاطف خان جبکہ اسسٹنٹ صدیق ڈار اور شاہزیب خان تھے جبکہ سیمی فائنل کے مہمان خصوصی محسن علی، ضیافت خان جدون، وسیم خان اور ناصر خان تھے جن کا دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا گیا۔

انہوں نے کلیم خان و دیگر ٹیم کو شاندار ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارکباد اور خراج تحسین پیش کیا۔ وحید خان نے شمع ہزارہ کے فارورڈ رضا کو پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی پر جس میں دو ہیٹرکس بھی شامل تھیں، کی وجہ سے نقد پانچ ہزار انعام بھی دیا۔ دوسرا سیمی فائنل شاہ کلب نواں شہر اور ہمالیہ فار ایور نواں شہر کے مابین کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :