پاکستان میں امریکی ڈالر 5 ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا

رواں برس اگست سے لے کر اب تک ڈالر 6 روپے 53 پیسے سستا ہوچکا، اس کمی کی وجہ سے پاکستان کے غیر ملکی قرضے کے دباو میں بھی 700ارب روپے کی کمی ہوگی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 22 اکتوبر 2020 13:25

پاکستان میں امریکی ڈالر 5 ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2020ء) امریکی ڈالر پاکستانی روپے کے مقابلے میں 5ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا، رواں برس اگست سے لے کر اب تک ڈالر 6روپے53 پیسے سستا ہوچکا ہے۔تفصیلات کے مطابق امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ تگڑا ہونا شروع ہوگیا، جس کے بعدروپیہ پچھلے 5ماہ میں کی بلند جب کہ اس کے مقابلے میں ڈالر کم ترین سطح پر آگیا۔

اس بارے میں بتایا گیا ہے کہ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 23پیسے کمی ہوئی ہے جس کے بعد ڈالر 161روپے 90پیسے میں فروخت ہورہا ہے،جس کی بنیادی وجہ تارکین وطن کی طرف سے بھجے جانے والے زرمبادلہ میں اضافہ بتائی گئی ہے، ڈالر کی قیمت میں ہونے والی اس کمی کی وجہ سے پاکستان کے غیر ملکی قرضے کے دباو میں بھی 700ارب روپے کی کمی ہوگی،جب کہ اسی سال2020ء میں اگست کے مہینے میں امریکی ڈالر 168 روپے 43 پیسے کی بلند ترین سطح کو پہنچ چکا تھا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو خوش خبری سنائی ہے کہ معیشت کے استحکام کے ساتھ آخر کار ہم درست سمت میں چل نکلے ، تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ توئٹر پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعظم نے بتایا کہ پاکستان کے لیے عظیم خوش خبری ہے ، بالآخر ہم درست سمت میں چل نکلے ہیں ، ماہِ ستمبر میں 73 ملین ڈالر کے سر پلس کے ساتھ کرنٹ اکاؤنٹ پہلی سہ ماہی کے لیے 792 ملین ڈالر ہوگیا ، وزیر اعظم عمران خان نے لکھا کہ گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ کو 1492 ملین ڈالر خسارے کاسامنا تھا ، جب کہ گزشتہ ماہ کے دوران برآمدات میں 29 فی صد اضافہ ہوا اور ترسیلاتِ زر میں 9 فی صد اضافہ ہوا۔