زمبابوے سیریز، پاکستانی سکواڈ اور سٹاف کے کورونا ٹیسٹ منفی آگئے

تمام کھلاڑی اور اسٹاف ہوٹل میں بنائے گئے بایو سیکیوئر ببل کا حصہ بن گئے ہیں ، جہاں انہیں ایک دوسرے سے ملنے جلنے کی بھی مکمل آزادی حاصل ہوگی ، پی سی بی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 22 اکتوبر 2020 14:10

زمبابوے سیریز،  پاکستانی سکواڈ اور سٹاف کے کورونا ٹیسٹ منفی آگئے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2020ء) زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان کے سکواڈ اور تمام معاون سٹاف کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آگئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے اعلان کردہ کھلاڑی اور اسٹاف کے دیگر افراد کے قیام کے لیے مختص ہوٹل میں بنائے گئے بایو سیکیوئر ببل کا حصہ بن گئے ہیں، جہاں انہیں ایک دوسرے سے ملنے جلنے کی بھی مکمل آزادی حاصل ہوگی۔

یاد رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز 30 اکتوبر سے راولپنڈی اسٹیڈیم میں ہوگا ، دوسرا ون ڈے یکم نومبراور تیسرا ون ڈے 3 نومبر کو راولپنڈی اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا، جس کے بعد پانچ نومبر کو زمبابوے کرکٹ ٹیم لاہور پہنچے گی ، جہاں دونوں ٹیموں کے مابین 7 نومبر کو پہلا ٹی ٹونٹی، 9 نومبر کو دوسرا اور 10 نومبر کو آخری ٹی ٹونٹی میچ ہوگا ، جب کہ دورہ مکمل کرنے کے بعد زمبابوے کرکٹ ٹیم 12 نومبر کو اپنے وطن واپس روانہ ہوجائے گی۔

(جاری ہے)

جب کہ زمبابوے کے خلاف ہونے والی سیریز کے لیے اعلان کردہ 22 کھلاڑیوں میں بابر اعظم (کپتان)، عبداللہ شفیق، عابد علی، فخرزمان، حارث سہیل، محمد حفیظ، امام الحق، خوشدل شاہ، حیدر علی، افتخار احمد، محمد رضوان، عماد وسیم، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد حسنین، روحیل نذیر، موسیٰ خان، فہیم اشرف، حارث روف، ظفر گوہر ، عثمان قادر اور وہاب ریاض شامل ہیں ،پریس کانفرنس کے دوران ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کچھ سینئر کھلاڑیوں کو ڈراپ کیا گیا ہے اور ان کی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کوآسان نہیں لینا چاہیے، کوشش ہے،اچھی اور بیلنس ٹیم بنائیں ، ون ڈے کرکٹ کھیلے ایک سال ہو گیا اس لیے زیادہ تجربات نہیں کریں گے لیکن کوشش کی ہے ٹی ٹونٹی میں نوجوانوں کو زیادہ موقع دیں، حیدر علی اور خوشدل جیسے کھلاڑیوں کو مزید موقع دیں گے۔