سٹڈی سرکل اور بات ای میگزین کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا

جمعرات 22 اکتوبر 2020 16:31

رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2020ء) : خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں KFUEIT ریڈرز اینڈ رائیٹرز کلب، سٹڈی سرکل اور بات ای میگزین کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر اور مہمان اعزاز پرنسپل خواجہ فرید پوسٹ گریجوایٹ کالج پروفیسر ڈاکٹر اجمل بھٹی تھے۔

تقریب میں طلبا نے اپنی تحریریں اور شاعری سنائی اور سارنگی نواز محمد بخش آہر نے اپنے فن کا مظاہرہ بھی کیا۔ پریذیڈنٹ ریڈرز اینڈ رائیٹرز کلب ذولفقار گبول نے استقبالیہ تقریر کی اور ایڈیٹر بات ای میگزین آمنہ امیر عباسی نے میگزین کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ KFUEIT ریڈرز اینڈ رائیٹرز کلب کے ایڈوائزر محمد انور فاروق نے کہا کہ اس فورم سے نہ صرف سٹڈی سرکل کا آغاز کیا جارہا ہے بلکہ بات ای میگزین کا بھی باقاعدہ اجرائ کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر اجمل بھٹی نے مبارکباد پیش کی اور کتاب پڑھنے کی اہمیت کو اجاگر کیا کہ جن اقوام کا تعلق کتاب سے مضبوط ہوتا ہے وہ ترقی کرتی ہیں۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی میں علمی و ادبی سرگرمیاں طلبا کی تربیت کے لئے ضروری ہیں۔ یونیورسٹی کی اولین ترجیح طلبا کو اعلی تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ان کی تربیت کرنا بھی ہے۔

انہوں نے منتظمین کی کوششوں کو سراہا اور ریڈرز اینڈ رائیٹرز کلب کے قیام کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر اجمل بھٹی کا پروگرام میں شمولیت کے لئے شکریہ بھی ادا کیا۔ آخر میں ریڈرز اینڈ رائیٹرز کلب کی اوپننگ کا کیک کاٹا گیا اور آرگنائزرز میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے گئے۔ پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر نے مہمانان اعزاز کو دیوان فرید کا تحفہ بھی پیش کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ثمینہ ثروت، ڈاکٹر عبدالشکور، ملک احمد بخش, ڈاکٹر فرحان چغتائی, عذرا قادر، ماجد رشید، شہزاد عتیق اور احسن فریدالدین بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :