نیکٹا نے کوئٹہ اور پشاور میں دہشتگردی کا تھریٹ جاری کردیا

ہائی پروفائل سیاسی شخصیات کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی بنائی جارہی ہے، سیاسی اور مذہبی اجتماعات کی سکیورٹی بڑھائی جائے۔ ذرائع نیکٹا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 22 اکتوبر 2020 16:52

نیکٹا نے کوئٹہ اور پشاور میں دہشتگردی کا تھریٹ جاری کردیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2020ء) نیکٹا نے کوئٹہ اور پشاور میں دہشتگردی کا تھریٹ جاری کردیا ، ہائی پروفائل سیاسی شخصیات کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی بنائی جارہی ہے، سیاسی اور مذہبی اجتماعات کی سکیورٹی بڑھائی جائے۔ ذرائع کے مطابق نیکٹا نے ملک بھر میں بالخصوصی کوئٹہ اور پشاور میں دہشتگردی کا تھریٹ جاری کردیا ہے۔ نیکٹا نے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے سیکرٹریز کو اقدامات سے آگاہ کردیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان کوئٹہ اور پشاور میں دہشتگرد حملوں کی تیاری کررہی ہے۔ سیاسی اور مذہبی اجتماعات کی سکیورٹی بڑھائی جائے۔دہشتگرد منصوبے میں ہائی پروفائل سیاسی شخصیات کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی شامل ہے۔ سیاسی شخصیت کو خود کش دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

نیکٹا نے آگاہ کیا کہ قمر دین کاریز سے برآمد مواد کوئٹہ اور پشاور میں دہشتگردی کی کاروائیوں میں استعمال ہونا تھا۔

دوسری جانب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے گوجرانوالہ اور کراچی کے بڑے جلسوں کے بعد 25 اکتوبر کو کوئٹہ میں جلسے کی تیاری کی جارہی ہے۔ پی ڈی ایم میں شامل بڑی جماعت مسلم لیگ ن نے گوجرانوالہ اور پیپلزپارٹی نے کراچی جلسے کی میزبانی کی، اب کوئٹہ میں جے یوآئی ف اور چھوٹی جماعتوں کی میزبانی میں جلسہ ہوگا۔ جس کے لیے جمعیت علمائے اسلام (ف) نے کوئٹہ میں پی ڈی ایم جلسہ میں بھر پور شرکت کیلئے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔

بلوچستان کے صوبائی امیر عبدلواسع صوبائی سیکرٹری آغا محمود شاہ نے جلسہ کی تیاریاں شروع کر دی ہیں ،مولانا فضل الرحمن 23 کو قلات پہنچیں گے۔ مولانا عبدالغفور حیدری کی رہاش گاہ پر قیام کریں گے۔ مولانا فضل الرحمن قلات میں پارٹی رہنماوں اور کارکنوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ مولانا فضل الرحمن 24 کو کوئٹہ پہنچیں گے۔ جلسے کی تیاری کا جائزہ لیں گے۔ لاڑکا نہ سے مولانا فضل الرحمن کے ساتھ سندھ راشد سومرو بھی ہمراہ ہونگے۔