جناح اسپتال کے سابق پروفیسر کورونا وائرس کا شکار ہو کر انتقال کر گئے

ڈاکٹر وقار احمد تین سال قبل جناح اسپتال ریٹائر ہوئے تھے،کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد زیر علاج تھے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 22 اکتوبر 2020 16:56

جناح اسپتال کے سابق پروفیسر کورونا وائرس کا شکار ہو کر انتقال کر گئے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2020ء) جناح اسپتال کے سابق پروفیسر کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد انتقال کر گئے۔تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال کراچی کے سابق پروفیسر آف سرجری ڈاکٹر سید وقار احمد کورونا وائرس سے انتقال کر گئے۔جناح اسپتال کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمال کا کہنا ہے کہ عالمی وباء کورونا وائرس سے جناح اسپتال کے سابق پروفیسر آف سرجری ڈاکٹر سید وقار احمد انتقال کر گئے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر وقار احمد نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ڈاکٹر سیمی جمالی نے کہا کہ ڈاکٹر وقار احمد تین سال قبل جناح اسپتال ریٹائر ہوئے تھے۔دوسری طرف کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان میں مزید 10 افراد جاں بحق ہو گئے ، جس کے بعد عالمی وباء سے ملک بھر میں مرنے والوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 702 ہو گئی ، اس حولے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے 736 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، جس کے ساتھ ہی ملک میں مجموعی تعداد 3 لاکھ 25 ہزار 480 تک پہنچ گئی ، جب کہ پاکستان میں اس وقت کورونا کے 9 ہزار 642 مریض زیرعلاج ہیں ، اور مجموعی طور پر 3 لاکھ 9 ہزار 136 صحتیاب ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

این سی او سی کے مطابق کورونا وائرس سے صوبہ پنجاب میں 2 ہزار 323 ، صوبہ سندھ میں 2 ہزار 590 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں ، اس کے ساتھ ساتھ صوبہ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 266، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 201، صوبہ بلوچستان میں 148، ‏گلگت بلتستان میں 90 اور آزاد کشمیر میں 84 ہوچکی ہے ، جب کہ اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 18 ہزار 438 ہوچکی ہے ، صوبہ پنجاب میں ایک لاکھ 2 ہزار 107، صوبہ سندھ میں ایک لاکھ 42 ہزار 641 ، صوبہ خیبر پختونخوا میں 38 ہزار 810، صوبہ بلوچستان میں 15 ہزار 738 ، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 107 اور آزاد کشمیر میں 3 ہزار 639 کیسز رپورٹ ہوئے۔