پنجاب یونیورسٹی پولیس مقابلہ ، عینی شاہد کا اہم بیان سامنے آگیا

ڈاکو بہت آگے جا چکے تھے جب پیٹرولنگ فورس کی گاڑی سے ایک اہلکار نے فائر کیا ، فائرنگ کے فوری بعد ہم نے لڑکی کو موٹر سائیکل سے گرتے دیکھا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 22 اکتوبر 2020 17:11

پنجاب یونیورسٹی پولیس مقابلہ ، عینی شاہد کا اہم بیان سامنے آگیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2020ء) پنجاب یونیورسٹی کے قریب ہونے والے پولیس مقابلے میں گولی لگنے سے جاں بحق ہونے والی راہگیر طالبہ کے حوالے سے عینی شاہد کا اہم بیان سامنے آگیا۔ اس حوالے سے تفصیلات کے مطابق عینی شاہد کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ پولیس کی پیٹرولنگ گاڑی ڈاکووَں کےتعاقب میں تھی ، ڈاکو بہت آگے جا چکے تھےجب پیٹرولنگ فورس کی گاڑی سے ایک اہلکار نے فائر کیا ، فائرنگ کے فوری بعد ہم نے لڑکی کو موٹر سائیکل سے گرتے دیکھا ، جب کہ ڈاکووَں کی طرف سے ہم نے کوئی بھی فائر ہوتے نہیں دیکھا۔

بتایا گیا ہے کہ آئی جی پنجاب انعام غنی نے پنجاب پولیس کے قریب ہونے والے پولیس مقابلے کے دوران گولی لگنے سے راہگیر طالبہ کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لے لیا ، تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب کی طرف سے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو واقعے کی تحقیقات اپنی نگرانی میں کروانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تحقیقاتی رپورٹ جلد از جلد بھجوائی جائے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ قبل ازیں لاہور میں پنجاب یونیورسٹی کے قریب ایک پولیس مقابلے کا واقعہ پیش آیا ، جس میں ڈاکووں کے ساتھ ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں گولی لگنے سے ایک راہگیر طالبہ جاں بحق ہوگئی ، جب کہ ڈولفن فورس نے 3 ڈاکو گرفتار کرلیے ، اس حوالے سے تفصیلات کے مطابق تینوں ڈاکووَں نے لاہور کے علاقے سمن آباد میں واقع ملت پارک میں یکے بعد دیگرے وارداتیں کیں ، جس کے بعد سے ڈولفن ا سکواڈ پی آر یو ڈاکوؤں کا تعاقب کر رہے تھے ، اس دوران پنجاب یونیورسٹی کے قریب ڈولفن فورس اور پولیس ریسانس یونٹ کا ڈاکووَں سے آمنا سامنا ہو گیا ، جہاں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، جس میں راہ چلتی ہوئی ایک طالبہ بھی اس کی زد میں آگئی اور گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی ، جب کہ ڈولفن فورس کی طرف سے کارروائی کے نتیجے میں ڈاکووں کو زندہ گرفتار کرلیا گیا ، ایس ایس پی ماڈل ٹاون کی طرف سے بھی فائرنگ میں طالبہ کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ، تاہم انہوں نے کہا کہ لڑکی کو کس کی گولی لگی اس بات کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ممکن ہوگا۔