آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں اہم فیصلے کر لیے گئے

سیکیورٹی فورسز نے پاکستان کو مستحکم کرنے کے لیے طویل سفر کیا، کسی کی بلیک میلنگ نہیں چلے گی،پاکستان کو کمزور کرنے والے سیاسی و غیر سیاسی عناصر کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، فوج منتخب حکومت کے ساتھ ہو گی۔ سینئر صحافی صابر شاکر کا تجزیہ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 22 اکتوبر 2020 17:47

آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں اہم فیصلے کر لیے گئے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2020ء) سینئر صحافی صابر شاکر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں اہم فیصلے کر لیے گئے۔فیصلہ کیا گیا کہ کسی قسم کی بلیک میلنگ نہیں چلے گی،کسی دباؤ میں نہیں آیا جائے گا۔پاکستان کو خوشحالی اور امن کی طرف لے جانے کے لیے پاکستان کی فورسز نے لمبا سفر کیا ہے۔پاکستان میں امن قائم کرنے کے لیے عوام نے اور فورسز نے قربانیاں دی ہیں۔

اتنی کوششوں کے بعد ملک کو استحکام کی جانب لے جایا گیا ہے لہذا اب کسی کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوں گے۔چاہے سیاسی عناصر ہوں یا غیر سیاسی جو بھی آئین پاکستان کو تسلیم نہیں کرتا،جو بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اسے کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ پاکستان کو کمزور کرنے والے سیاسی و غیر سیاسی عناصر اور جمہوری و غیر جمہوری عناصر کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

فوج بطور ادارہ آئین اور ریاست کے ساتھ ہو گا۔جو بھی منتخب حکومت ہو گی فوج اس کا ساتھ دے گی اور دیگر اداروں کی بھی حفاظت کرے گا،تمام معاملات میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔جھوٹی خبریں پھیلا کر پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو جو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے،یہ ایک ایجنڈا ہے۔اور یہی ایجنڈا بھارتی میڈیا میں بھی چل رہا ہے جو یہ کہہ رہا ہے کہ کراچی میں پاک فوج اور پولیس میں لڑائی ہو گئی۔

واضح رہے کہ 20اکتوبر کو آرمی چیف کی زیرصدارت جی ایچ کیو میں کورکمانڈرز کانفرنس کا انعقادہوا تھا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت جی ایچ کیو میں کورکمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا، کانفرنس میں بلوچستان ، قبائلی اضلاع اور ملک میں دہشتگردی کی حالیہ لہر پر غور کیا گیا۔

کانفرنس میں قومی سلامتی اور علاقائی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔ شرکاء کی جانب سے سول ملٹری شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم نے امن واستحکام کے حصول کیلئے بھاری قیمت ادا کی ہے۔ملک کا امن تباہ اور عدم استحکام کا شکار کرنے والوں کو سخت جواب دیا جائے گا۔